تحریک انصاف اسلام آباد دھرنے سے پہلے راولپنڈی میں بھی سیاسی میلا سجائے گی، عمران خان اور شیخ رشید لال حویلی پر پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے مشترکہ جلسے سے خطاب کریں گے۔
چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دھرنے کی تاریخ میں تبدیلی کے لیے کور گروپ سے مزید مشاورت کا فیصلہ کر لیا، حتمی تاریخ کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں جن میں اسلام آباد بند کرنے کے طریقہ کار کے علاوہ تاریخ میں تبدیلی پر بھی مشاورت کی گئی، کل پی ٹی آئی کور گروپ کے اجلاس کے بعد عمران خان خود حتمی تاریخ دیں گے۔
شیخ رشید نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور لال حویلی کے باہر جلسے سے خطاب کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کر لیا۔ عمران خان شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے ہمراہ راولپنڈی جائیں گے ۔
اس سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کارکنوں سے چندے کی اپیل کی، ان کا کہنا تھا کہ کارکن احتجاجی تحریک کے لیے چندہ دیں۔