کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف شاعر اور نیاز مندان کراچی کے جنرل سیکرٹری رونق حیات نے کہا ہے کہ ادب کے فروغ میں ادبی اداروں نے ہر دور میں مثالی کردارا دا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیاز مندان کراچی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت ممتاز شاعر، نثر نگار اور ادارے کے صدر فراست رضوی نے کی جبکہ نائب صدر ریحانہ احسان نے نظامت کا فریضہ انجام دیا، رونق حیات نے کہا کہ کراچی کے فعال ادبی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے بہت جلد ایک ادبی کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس میں یہ لائحہ عمل ہو گا کہ کراچی کے ادبی تشخص کو کیسے برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نابغہ روزگار شخصیات کی ایک کہکشاں تھی لیکن اب صورتحال بہت مختلف ہے۔ اس صورت میں نئے لکھنے والوں کو آگے لانا اور انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ فراست رضوی نے کہاکہ نیازمندان کراچی اس شہر کا فعال ادبی ادارہ ہے۔ ماضی میں ہم نے جو پروگرام کئے انہیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے اب ہم دوبارہ میدان میں آگئے ہیں، ہماری کوشش ہے کوئی ایسا کام کر جائیں جو تاریخ ادب کا حصہ بن جائے۔ انہوں نےکہاکہ ہم ان شاعروں اور ادیبوں کے لئے پروگرام ترتیب دے رہے ہیں جنہیں نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ پروفیسر منظور حسین شور، حکیم انجم فوقی بدایونی اور رئیس فروغ کی یاد میں منعقد ہونے والے ادبی پروگرام اسی سلسلے کی کڑی تھے۔