لاہور ( نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان یلغار اورلشکر کشی کرکے پاکستان کی سیاست میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، عمران خان فسادی تنظیموں کے کارکنوں تک رسائی حاصل کررہے ہیں جبکہ وفاقی وزیر برائے پانی و جلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی مدد سے چلنے والے مدرسے پی ٹی آئی کی اسلام آباد بند کرنے کی کوششوں میں فٹ سولجر فراہم کر رہےہیں ۔ بدھ کو یہاں ایکسپو سنٹر میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان مایوسی کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں، حکومت نے اسلام آباد کو رواں دواں رکھنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے ،اسلام آباد سیکرٹریٹ اور شاہراہوں کو بند کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے جو مطالبات ہیں ان کو حل کرنے کے پلیٹ فارم موجود ہیں، عمران خان کے مطالبات سے بھاگے نہیں، وزیر اعظٖم محمد نوازشریف سپریم کورٹ اور قومی اداروں میں اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے، عمران خان بھی دھرنوں کی بجائے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن تک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ انہوں نے پاکستان میں غیر جمہوری سوچ رکھنے اور فتنہ و فساد برپا کرنے کی طاقت رکھنے والی تنظیموں کے کارکنوں تک رسائی حاصل کی ہے حالانکہ ان کارکنوں کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں لیکن وہ انہیں اپنی پارٹی کے پرچم تھما کر اسلام آباد لے جا کر شر پھیلانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے قتل و غارت کی جوباتیں کی ہیں یہ اسی تناظر میں ہیں حالانکہ ان کے جو مطالبات ہیں ان کے حل کیلئے پاکستان میں پلیٹ فارم موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی اوروزیر اعظم نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ترقیاتی کاموں کی بدولت اگلے انتخابات بھی جیتیں گے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے مزید کہا کہ عمران خان تلاشی لینا نہیں، ہماری جیب کترنا چاہتے ہیں، وہ سپریم کورٹ آ کر ہماری تلاشی لے سکتے ہیں، اسلام آباد پر حملہ آور ہونے والوں کو شہر بند نہیں کرنے دیں گے۔سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کا کیس شروع ہو رہا ہے، چیئرمین تحریک انصاف چاہیں تو وہاں آ کر ہماری تلاشی لے لیں۔انہوں نے کہا کہ دو نومبر کو اسلام آباد میں زندگی معمول کے مطابق چلے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شاہ محمود کی خواہش ہے کہ ادارے آپس میں ٹکرائیں، ادارے اپنا قومی کردار آئین و قانون کے مطابق ادا کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی امداد سے چلنے والے مدرسے پی ٹی آئی کی اسلام آباد بند کرنے کی کوششوں میں افرادی قوت فراہم کررہے ہیں۔ بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی امداد پر چلنے والے مدارس حکومت کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔