پنجاب کےوزیر اعلیٰ محمدشہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا ہے، صفائی کے ناقص انتظامات پر وزیر اعلیٰ نے ای ڈی او ہیلتھ قصور کو فوری طور پر معطل کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا، صفائی کے ناقص انتظامات پر ایم ایس کی سرزنش کی اور ای ڈی او ہیلتھ کو معطل کر دیا۔
وزیراعلی پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز اسپتال قصور کے دورے میں اسپتال کا اسٹور کھلوا کر سامان کا جائزہ لیا، فرش پر پڑی کاٹن اور پٹیوں پر گرد و غبار دیکھ کر انتظامیہ کی بھی سخت سرزنش کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایم ایس کے واش روم میں ہینڈ واش لوشن موجود ہو تومریضوں کے لیے کیوں نہیں، دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم نہ رکھنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے زیر اہتمام ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کی افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، اس دوران ایک لمحے کو بجلی بند ہوئی تو وزیراعلیٰ نے ازراہِ تفنن اسے پی ٹی آئی سے جوڑ دیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ملک کا سب سے بڑا فورم ہے، سب کو اسے تسلیم کرنا چاہئے، اگر قانون کا کوئی اور دروازہ ہے تو وہ بتایا جائے، تحریک انصاف میں نہیں مانتا کی سیاست کر رہی ہے۔ اسلام آباد بند کرنے کی باتیں بلاجواز ہیں۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر تحریک انصاف کے طرز سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے خود کو احتساب کےلیے پیش کیا ہوا ہے، اس کے بعد اسلام آباد بند کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ہی سب سے بڑا فورم ہے، اگر تحریک انصاف کے پاس قانون کا کوئی اور در ہے تو بتائیں۔
علاوہ ازیں امریکا کے معاون وزیربرائے نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ افیئرز،ولیم آر براوٴن فیلڈسے لاہور میں ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کا عزم پہاڑ سے بھی بلند اور مضبوط ہے، آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کی کمر توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کے بقاء کی جنگ ہے، قوم کے اتحاد کی طاقت سے یہ جنگ ہر صورت جیتیں گے۔
اس موقع پر امریکی معاون وزیر نے پنجاب پولیس میں اصلاحات پروزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کی تعریف کی اورپنجاب پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی سیکیورٹی جیل کے لیے بھی معاونت فرا ہم کریں گے۔