• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی ادارے اقتصادی شعبوں میں پاکستانی کامیابیوں کے معترف ہیں،صدر ممنون

دوحا (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے قطری شاہی اور کاروباری شخصیات پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کےا سٹریٹجک محل وقوع‘ سرمایہ کاری کے مواقع‘ کاروباری دوست ماحول اور حکومت کی سرمایہ کاری کی حامل سود مند پالیسیوں سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے مختلف شعبوںمیں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو قطر کی شاہی اور کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے قطری بزنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں ان سے یہاں ملاقات کی۔ صدر مملکت ممنون حسین جو امیر قطر کی دعوت پر چار روزہ دورہ پر ہیں‘ نے وفد کو بتایا کہ سرمایہ کاری دوست ضابطوں اور خطے میں بلند ترین شرح منافع کے ساتھ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مواقع کی سرزمین تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے توانائی‘ بنیادی ڈھانچے‘ تعلیم اور زراعت بالخصوص کارپوریٹ فارمنگ‘ حلال فوڈ اور ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار ”فیفا 2022ء ورلڈ کپ“ کی میزبانی کی تیاریوں کے سلسلے میں دوحہ میں تعمیراتی سرگرمیوں کے پیش نظر سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے سیمنٹ کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں سرکاری اور نجی سطحوں پر پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہتر اسلوب حکمرانی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارے اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا شاندار منصوبہ بھی نئی راہیں کھولے گا اور تجارت و معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری مواقع پیش کرتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان بہتر ہاتھوں میں ہے‘ اس کا مستقبل تابناک ہے اور اقتصادی کارکردگی اور کاروباری مواقع کی بنیاد پر یہ 2050ءتک ایک ترقی یافتہ قوم کے طور پر ابھرے گا۔
تازہ ترین