• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیالے کی پھرتیاں، ادبی تنظیم کا اجلاس بلاکر خود کو پارٹی کا صدر چن لیا

پشاور(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے صوبہ بھر میں تنظیمیں تحلیل کرنے کے باوجود سابق ناظم نے اپنے گھر میں ادبی تنظیم کا اجلاس بلاکر خود کو پارٹی کا سب ڈویژنل صدر منتخب کروالیا۔ پیپلز پارٹی سب ڈویژن مستوج کے سابق صدر ابولیث رامداسی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پارٹی قیادت نے صوبہ بھر میں پارٹی کی تنظیمیں تحلیل کردی ہیںاور نئی تنظیموں کا انتخاب نہیں ہوا۔ اس دوران سابق ناظم یوسی چرون امیراللہ نے اپنے گھر ریشن میں انجمن ترقی کہوار کا مشاعرہ کروایااور اس نشست میں خود کو پیپلز پارٹی سب ڈویژن مستوج کا صدر منتخب کروالیا۔ ابولیث رامداسی نے کہا ہے کہ امیراللہ غیر قانونی طور پر خود کو صدر قرار دلوا کر تنظیمی معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی اس غیر قانونی حرکت سے ایک غیر سیاسی ادبی تنظیم انجمن ترقی کہوار کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے انہوں نے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سے مطالبہ کیا کہ نام نہاد سب ڈویژنل صدر کیخلاف کارروائی کی جائے اور اس حوالے سے پارٹی کا موقف واضح کیا جائے کیونکہ پیپلز پارٹی سب ڈویژن مستوج میں سب سے بڑی سیاسی قوت ہے اور اس قسم کی کارروائیوں سے کارکن تذبذب کا شکار اور پارٹی میں انتشار پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔   
تازہ ترین