• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی سیاست ہی الزامات کے گرد گھوم رہی ہے،نجم سیٹھی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ عمرا ن خان کی یہ بات مضحکہ خیز ہوگی کہ وہ وزیر اعظم میاں نواز شریف پر بھارت نوازہونے کا الزام لگائیں ، وزیر اعظم نواز شریف کی کشمیر کاز کے حوالے سے کاوشیں یہ لوگ بھول گئے ہیں ، یہ نواز شریف ہی تھے جنہوں نے جماعت اسلامی کو کشمیر جہاد کے حوالے سے سپورٹ کیا تھا اور اس وقت بھی پنجاب میں حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کو ایک قسم کی پناہ ملی ہوئی ہے۔ عمران خان کی سیاست ہی الزامات کے گرد گھوم رہی ہے ، نواز شریف کے سپورٹر یہ کبھی یقین نہیں کریں گے نواز شریف بھارت نواز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف پر کرپشن کا الزام لگایا جاتا ہے تو اس الزام پر یقین کیا جاسکتا ہے اور ان کے اوپر کرپشن کے الزامات پہلے بھی لگتے رہے ہیں ، عمران خان بدحواس ہوچکے ہیں اس وقت انہیں جو کچھ بھی ملتا ہے وہ اس کو الزام کی صورت میں نواز شریف پر لگا دیتے ہیں ،عمران خان کا ووٹر بھی یہ بات جانتا ہے کہ میاں صاحب کرپٹ تو ہوسکتے ہیں لیکن بھارت نواز نہیں ہوسکتے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کارگل کے وقت بھی میاں نواز شریف ملک کے وزیر اعظم تھے اور محترمہ بے نظیر بھٹو پر انڈیا نواز ہونے کا الزام بھی نواز شریف نے ہی لگایا تھا، نواز شریف کی یہی کوشش ہے کہ اس وقت بارڈر پر موجود کشیدگی اور تناؤ کو کم کیا جائے ، کیونکہ جنگ کے ماحول میں ملک میں ترقی کا ہونا ممکن نہیں ہے ، وزیر اعظم نواز شریف چین کے ماڈل کو فالو کررہے ہیں ، کیونکہ چین نے اپنے ہمسایوں کے ساتھ تعلقات اچھے کرکے معاشی ترقی کی اور سپر پاور بننے کی راہ کی جانب گامزن ہوا، نواز شریف نے یہ سب چیزیں سیکھیں ہیں ، یہ دس بیس سال پہلے جہاد کو سپورٹ کیا کرتے تھے ، نواز شریف کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور مستحکم تعلقات کے بغیر پاکستان کی معیشت کھڑی نہیں ہوسکتی اور نہ غربت ختم ہوسکتی ہے۔
تازہ ترین