• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نائن زیرو کیس،مفرور ملزمان کے وارنٹ جاری

Nine Zero Case Arrest Warrants Issue For Fugitives
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس کے سماعت کے دوران مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم رہنما عامر خان و دیگر کے خلاف کیس کی سماعت میں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کے ایک مفرور ملزم شہزاد ملا کو ایک دو روز میں گرفتار کر لیا جائے گا۔

تفتیشی افسر کے بیان پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ شہزاد ملا گرفتار ہو جائے گا ،عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری تو سنا تھا مگر یہ نیا معاملہ ہے ، کیا یہ دوسرے ملزمان کی طرح پہلے سے گرفتار کر رکھا ہے ،دوسرے مفرور ملزم رئیس مماکو کیوں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتار ی کی کوشش جاری ہے ،عدالت نے 4 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

عدالت کو ملزم منہاج قاضی کے خلاف چالان تاحال موصول نہیں ہوا جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 19نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

مقدمے میں عامر خان و دیگر پر نائن زیرو پر دہشت گروں کو پناہ دینے کا الزام ہے جبکہ کیس میں ایک ملزم منہاج قاضی گرفتار ہے اورمفرور ملزمان میں رئیس ماما ،شہزاد ملا،نعیم ملا اور عمران نیازی شامل ہیں۔
تازہ ترین