راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں پر انتخاب لڑنے والوں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوگئے ہیں،سب سے زیادہ شیرکا نشان الاٹ ہوا۔جس کے بعد بلا،ہیرا،بالٹی اور دیگر شامل ہیں۔میونسپل کارپوریشن مری کی مخصوص نشستوں کا انتخاب کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کردیا گیا ۔جبکہ ضلع کونسل راولپنڈی، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اور پانچ میونسپل کمیٹیوں کی مخصوص نشستوں پر507امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔32نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔جبکہ52نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔خواتین کی مخصوص نشستوں پر244،ورکرز / کسان140،یوتھ90،اقلیتی45اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر تین امیدوار رہ گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن مری کی آٹھ میں سے پانچ نشستیں خالی ہیں۔جس کے باعث مخصوص نشستوں کا الیکشن ملتوی کیا گیا۔مری میں ٹیکنو کریٹ،کسان،اقلیتیں اوریوتھ کونسلر کی ایک ایک جبکہ خواتین کی دوسیٹیں ہیں۔میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں خواتین کی10نشستوں پر18امیدوار ہیں،کسان/لیبر دو نشستوں پر پانچ،ٹیکنو کریٹس دو نشستوں پر تین،یوتھ کی ایک نشست پر دو اور اقلیتوں کی دو نشستوں پر چاروں امیدوار وں کی طرف سے کاغذات واپس ہونے پر خالی رہ گئی ہیں۔پانچ میونسپل کمیٹیوں کہوٹہ،کلرسیداں،کوٹلی ستیاں ،گوجرخان اور ٹیکسلا میں مخصوص نشستوں پر خواتین کیلئے 33،کسان/لیبر کیلئے23یوتھ 10اور اقلیت کیلئے7امیدواروں میں مقابلہ ہے۔یونین کونسلوں کی مخصوص نشستوں میں خواتین کیلئے214،ورکر/کسان104،یوتھ کیلئے76،اقلیتی 26امیدواروں میں مقابلہ ہے۔واضح رہے کہ یونین کونسلوں میں فی کس دو خواتین،ایک ایک کسان/لیبر اور یوتھ کےعلاوہ جس یونین کونسل میں رجسٹرڈ اقلیتی ووٹوں کی تعداد200یا اس سے زیادہ ہے ان یونین کونسلوں میں اقلیتی امیدوار بھی ہیں۔مخصوص نشستوں کیلئے ضلع کونسل راولپنڈی کی111یونین کونسلوں میں ہونے والے انتخاب کیلئے خواتین کی15نشستوں پر 26امیدواروں میں مقابلہ ہوگا،ورکر/ کسان3نشستوں پر آٹھ امیدوار ہیں جبکہ نویں نے اپنے کاغذات واپس لے لئے ہیں، ٹیکنو کریٹ کی ایک نشست پر تین امیدواروں میں سے دو نے اپنے کاغذات واپس لے لئے ہیں۔جس کے بعد ضلع کونسل راولپنڈی کی ٹیکنو کریٹ کی نشست پر امیدوار بلا مقابلہ ہوگیا ہے۔یوتھ کی ایک نشست کیلئے چار امیدوار تھے دو نے اپنے کاغذات واپس لے لئے ہیں۔ اقلیتوں کی پانچ نشستوں پر13امیدوار تھے جن میں سے ایک نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ضلع کونسل کیلئےکوٹلی ستیاں کی 6،راولپنڈی اور کہوٹہ ایک نشست خالی ہے۔ بلدیاتی شیڈول کے تحت ضلع کونسل راولپنڈی،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کیلئے پولنگ8نومبر،میونسپل کمیٹیوں گوجرخان،کلر سیداں،کہوٹہ،کوٹلی ستیاں اور ٹیکسلا کی مخصوص نشستوں کیلئے دس نومبر،جبکہ یونین کونسلوں کی مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ 12نومبر کو ہوگی۔انتخابی نتائج کا اعلان14نومبر،نوٹیفکیشن21نومبر اور حلف26نومبر کو ہوگا۔