• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ حملہ قابل مذمت، مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا، سیاسی و مذہبی رہنما

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) سیاسی ومذہبی رہنمائوں نے کوئٹہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیگناہ جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا، رہنمائوں نےکہاکہ اتنے بڑے سانحہ نے قوم کےدلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے یہ سانحہ ملک کیخلاف سازشوں کا ایک حصہ ہے لیکن ایسی سازشوں کا قوم اتحاد وتفاق سے ہی مقابلہ کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین، اسپیکر ایاز صادق،بلاول بھٹو، مولانافضل الرحمن، سراج الحق، چوہدری شجاعت، اعتزاز احسن، پرویزمشرف، اسفندیار ولی، ساجد علی نقوی، سمیع الحق، علامہ محمد احمد لدھیانوی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال، ندیم نصرت، آفاق احمدو دیگر رہنمائوں نے کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پردہشت گردی کے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پورے ملک میں بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر نا ہےکیونکہ دہشت گرد مقامی لوگوں کی مدد سے ہدف کو نشانہ بناتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کیلئےہمیں اپنے اندر ایسی کالی بھیڑوں کو تلاش کرنا ہو گا جو اِن کے سہولت کار ہیں۔ صدر مملکت نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور شہدا کے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ قائم مقام صدر میاں رضاربانی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف قوم متحد ہے ۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ملک دشمنوں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ۔وزیر اطلاعات پر ویز رشید نے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی شدید مذمت کرتےہوئے حملے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں کرنے والے امن اور ترقی کے دشمن ہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ حکومت ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اورامن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق، قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے بھی کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔اسپیکر ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، عمران خان، خورشید شاہ، طاہر القادری، مولانا فضل الرحمن ، سراج الحق،چوہدری شجاعت، پرویزالٰہی، پرویز مشرف، اسفندیار ولی،افتخارچوہدری،حافظ طاہراشرفی، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، آغا سید حامد علی شاہ موسوی ،سمیع الحق، اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی اوردیگرنےبھی حملے کی مذمت کی اورمعصوم جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ کوئٹہ کیڈٹ اسکول پر حملہ پاکستان دشمن قوتوں کا پاکستان کی سلامتی اور استحکام پر حملہ ہے۔ ملک کی سیاسی و عسکری اور مذہبی قیادت کو وطن دشمن سرگرمیوں ،دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف ہر قسم کے اختلافات ختم کرکے متحد ہونا ہوگا۔ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت شدید مذمت کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ بڑی کارروائی اور کھلی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے بعد نیشنل ایکشن پلان کو مزید سخت ، موثر ، مربوط اور بلاتفریق کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچے کچے دہشت گردوں کی کمر توڑی جاسکے۔فاروق ستار نے وزیراعظم، آرمی چیف، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا فی الفور قلع قمع کیاجائے۔متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینرندیم نصرت نے کوئٹہ حملے میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کوایک قومی سانحہ قراردیاہے۔ ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہا کہ کیایہ واقعہ ہماری سیکورٹی فورسزکی ناکامی کو ظاہرنہیں کرتا؟ انہوںنے کہاکہ جب حکومت کویہ بھی معلوم ہے کہ کوئٹہ واقعہ میں کونسی کالعدم جہادی تنظیم ملوث ہے توپھرقوم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہے کہ ایسی کالعدم جہادی تنظیموں، انکے سہولت کاروں، مددگاروں اور ان کیلئے کھلم کھلا کام کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ ندیم نصرت نے واقعہ میں شہید ہونے افسروں اور جوانوںکے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکیا اور زخمی ہونے والے افسروں اور جوانوں کی صحتیابی کے لئے بھی دعاکی ۔ چیئر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے حملوں میں شہید پولیس اہلکاروں کی دراجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملوں میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کر کے دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائے۔مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) کے چیئرمین آفاق احمد نے کوئٹہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت اور درجنوں اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اب بات آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے روایتی بیانات سے آگے جاچکی ہے۔ حکومت سیاسی جھگڑوں سے فرصت نکال کر اس جانب توجہ دے۔
تازہ ترین