• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اور کشمیری عوام سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم بے نقاب کریں، سردار مسعود

اوسلو (جنگ نیوز ) صدر آزاد کشمیرمسعود خان نے ناروے میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی پر زور دیا ہےکہ وہ قلم کی طاقت اور سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی ظلم و بربریت کو بے نقاب کریں اور کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کو اجاگر کریں، سلامتی کونسل کی متعدد قرار دادوں میں کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دینے کا وعدہ کیا گیا مگر عہد ایفا نہ ہوا۔ صدر کشمیر مختصر دورے پر ناروے کے دارالحکومت اوسلو پہنچے۔ انہوں نے ناروے پارلیمنٹ کے ارکان، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، اوسلو کی میئر اور آرٹ اف لیونگ فائونڈیشن کے بانی سری سری روی شنکر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی اندوہناک صورتحال سے آگاہ کیا اورانہیں بتایا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے، سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں پاکستان اور بھارت نے تقریباً ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے جمہوری طریقہ کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا وعدہ کیا تھا، پاکستان اس پر ہمیشہ تیار ہے لیکن گزشتہ 69 برس سے بھارت اس پر تیار نہیں۔ اس وقت بھی اس کی7لاکھ سے زیادہ فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے۔ گزشتہ108 دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے، بھارتی فوجی نہتے عوام پر پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، جس سے مرد و خواتین اور بوڑھے اور بچوں کے جسم چھلنی ہیں،تقریباً ساڑھے چھ سو نوجوانوں کی آنکھیں زخمی ہیں، ان میں سے ڈیڑھ سو بصارت سے زندگی بھر کیلئے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں۔ ڈیڑھ سو افراد کو شہید کر دیا گیا، وہاں ایک انسانی المیہ رونما ہو چکا ہے۔ ناروے کی حکومت انسانی حقوق کے اداروں پر زور دے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی راہداری قائم کی جائے۔ صدر نے بھارتی نژاد سر ی سری روی شنکر کو کہا کہ بھارت کی سول سوسائٹی اور با شعور طبقات کو ان مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے اور اپنی حکومت کا ہاتھ روکنا چاہئے، کیونکہ کشمیری بھی اسی طرح آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور جدوجہد کر رہے ہیں۔ بعد ازاں صدر آزاد کشمیر نے ناروے میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اجتماع سے بھی خطاب کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ قلم کی طاقت اور سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی ظلم و بربریت کو بے نقاب کریں اور کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کو اجاگر کریں۔
تازہ ترین