محکمہ انسداد دہشت گردی نے راولپنڈی اور ہارون آباد بہاولنگر میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے 3مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق راولپنڈی سے پکڑا جانے والا مبینہ دہشت گرد شیر افضل تحصیل اُوگی ضلع مانسہرہ کا رہائشی ہے اور راولپنڈی میں فیض آباد کے علاقے میں رہائش پزید تھا۔
مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز، بیٹریاں اور تار برآمد ہوئے ہیں۔ اُدھر ہارون آباد بائی پاس بہاولنگر سےکالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2مبینہ دہشت گرد انعام الرحمن عرف وقاص اور عابد حسین فاروقی پکڑے گئے ہیں۔
ملزمان سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ہارون آباد بس سٹینڈ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔