ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں مشکلات میں گھری ہوئی قومی ہاکی ٹیم کو اعزاز کے دفاع میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے وکٹری اسٹینڈ پر آنے کا فیصلہ جمعرات کو مضبوط حریف چین کے خلاف میچ سے ہوگا۔
شکست کی صورت میں قومی ہاکی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کا راستہ بند ہوجائے گا اور اسے پوزیشن کی میچوں پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں جاری ایونٹ میں گرین شرٹس ٹیم نے اب تک 4میچز کھیلے، 2جیتے اور 2ہارے ہیں۔
چین نے اب تک 4میچز کھیل رکھے ہیں، جس میں اس نے ایک جیتا اور 3میں اسے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جمعرات کو دوسرے میچ میں ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بدھ کو اس اہم میچ کے لئے دوسیشن میں پریکٹس کی اور اپنی خامیوں کا بھرپور انداز میں جائزہ لیا۔ کھلاڑیوں نے اس ٹورنامنٹ میں بھی گول کے مواقع ضائع کرنے کی روش کو برقرار رکھا ہے۔
ٹیم کے منیجر حنیف خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے لئے چین کے سامنے میچ مشکل ہے۔ کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ کسی دبائو کے بغیر میدان میں جائیں اور جیت کی کوشش کریں۔ چین کی ٹیم آسان نہیں ہے، ایشیا میں اس ٹیم کا معیار بہت اچھا ہے، جس کے خلاف ہمیں کامیابی کے لئے زیادہ محنت کرنا ہوگی۔