لندن (جنگ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے گزشتہ روز پاکستان ہائی کمیشن لندن کا دورہ کیا اور افسران سے تبادلہ خیال کیا۔ ان کی آمد پر خیر مقدم برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ متعدد برطانوی محکموں اور ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ ملاقاتیں کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے اس دورے میں ان کی توجہ خیبر پختونخوا میں پولیس اصلاحات پر معلومات اور مہارت شیئر کرنے پر مرکوز ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے برطانوی پولیس کے ساتھ متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے افسران کو بتایا کہ صوبائی اسمبلی میں نئی قانون سازی کی گئی ہے جبکہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے پولیس، ہیلتھ، ایجوکیشن اور صنعتی پالیسی میں ترغیب اور ادارہ جاتی اصلاحات پر جائزہ بھی پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے انہیں آگاہ کیا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال اور بہتر بارڈر مینجمنٹ کے باعث صوبہ میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ ہائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو پاکستان کی70ویں سالگرہ کے پروگرام سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تجاویز سے اتفاق کیا۔