اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کو مکمل طور پر فعال کر کے شہر کا بہترین تربیتی ادارہ بنایا جائیگا‘ اس ٹریننگ اکیڈمی نے افسران و ملازمین کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے لیڈرشپ کے عنوان سے 33ویں ٹریننگ کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف کالجوں‘ یونیورسٹیز اور اداروں سے کورس میں تربیت حاصل کرنیوالے شرکاء اور دیگر نے شرکت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے ادارے میں شفافیت، میرٹ اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائیگا۔ سی ڈی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اکیڈیمی ثناء اللہ امان نے سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے زیراہتمام منعقد کئے جانیوالے تربیتی پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 27 ماہ کی مدت میں 33 پیشہ ورانہ تربیتی کورس،4 میگا لیکچرز اور ایک انٹرنیشنل ورکشاپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی افسران و ملازمین کی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے بلاامتیاز مختلف تربیتی پروگرام ترتیب دیتی رہتی ہے۔ اُنہوں نے ٹریننگ اکیڈیمی کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔