لندن (جنگ نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے لندن میں سرکاری دورہ برطانیہ کے دوران ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ سی پی وی سی ایگزیکٹو ایڈوائزری کمیٹی غلام دستگیر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار اور اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے تھے۔ پرویز خٹک نے دن بھر میں چار ملاقاتیں کیں۔ پہلی ملاقات پاکستان کے بارے میں آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ کے ساتھ برطانوی پارلیمنٹ میں ہوئی، اس میں رحمن چشتی ایم پی، بیرونس بس کومب اور لز میکنس ایم پی نے بھی شرکت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے پارلیمنٹ میں اینڈریو سٹیفنسن ایم پی سے ملاقات کی۔ اگلیملاقات فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس میں ہوئی جہاں وزیراعلیٰ کا استقبال منسٹر آف سٹیٹ فار ایشیا اینڈ دی پیسفک الوک شرما نے کیا اور کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردی کے حالیہ حملے پر اظہار افسوس کیا۔ تیسری ملاقات ڈپارمنٹ فار انٹر نیشنل ڈولپمنٹ میں ہوئی جہاں پرویز خٹک نے انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ کے منسٹر آف سٹیٹ روری سٹیورٹ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بعدازاں میٹرو پولیٹن پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں وفد کو سینٹر کے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پختونخوا نے قبائلی علاقوں اور اس کے اطراف سیکورٹی کی صورتحال کی بہتری کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر تجارتی مواقع، مینو فیکچرنگ میں توسیع اور منرل ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔