وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دن سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نفرت انگیز تقاریر کر رہے ہیں،راستے بند کرنے کا الزام پرویز خٹک کو خود پر اور عمران خان پر لگانا چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق کا ’جیو نیوز‘ کے سوال کہ ’وزیراعلیٰ کے پی کے نے الزام لگایا ہےکہ آپ نے ان کے صوبے کو باقی ملک سے جدا کردیا ہے ‘ کے جواب میں یہ کہنا تھا۔۔
انہوں نے کہا کہ نہ یہ قافلے ہیں اور نہ یہ عوام ہیں جن کے لیے راستے بند ہیں، عدالت نے دو نومبر کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی ہے، حکومت انتظامات کے لیے تیار ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا جو رہنما پریڈ گراؤنڈ آئے گا اسے نہیں روکا جائے گا،عمران خان اور پرویزخٹک ہوش کے ناخن لیں، اپنے کارکنوں کو فورس سے کیوں لڑوا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھاوا بولنے پر خراج تحسین پیش نہیں کیا جاسکتا،2014ءمیں راستہ دیا تھا تو پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کر دیا تھا۔