اسلام آباد (نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے حکمران طاقت کا غیرقانونی استعمال کررہے ہیں ،خان صاحب کی حد تک تحریک انصاف کے ساتھ ہوں، عدالت نے جوڈیشل کمیشن قائم کرکے قوم کو کشمکش سے نکال دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 28 ؍ اکتوبر کو ہر حال میں لال حویلی آنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اس لیے کوئی شکوہ نہیں کررہا لیکن عمران خان کو آنا چاہیے تھا، 13 اگست کو بھی یہی ہوا تھا۔ تحریک کے دوران گلے شکوے نہیں کئے جاتے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا تحریک انصاف کے اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم مانے گی تو انہوں نے کہا کہ یہ مجھے نہیں پتہ، تحریک انصاف سے پوچھیں، میں صرف عمران خان کی حد تک پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام راستے بند ہیں لیکن لفٹ لے کر سپریم کورٹ پہنچا۔شیخ رشید نے کہا کہ پرویز خٹک کے پرامن احتجاج پر وحشیانہ تشدد کیا گیا، پنجاب کے حکمران طاقت کا غیرقانونی استعمال کررہے ہیں، تمام راستوں کو بند کیا جارہا ہے،جس فرعونیت کامظاہرہ کیا گیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اپنا کیس خود لڑنے جارہا ہوں، عدالت آتے ہوئے مجھے تین چار جگہ روکا گیا،حکمرانوں کو کرسی سے اتارنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔