اسلام آباد(جنگ نیوز،آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے عمران خان نے دھرنے کی منسوخی کے حوالے سے اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ حکومت کی فتح ہے یا اپوزیشن کی کیونکہ اس کا دارومدار سپریم کورٹ کی اگلی کارروائی پر ہو گا۔انہوں نے استفسار کیا کہ ایک سخت پیمانہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف استعمال ہو سکتا ہے تو کیا وہی پیمانہ نواز شریف کے خلاف استعمال ہو گا یا نہیں؟۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پاناما لیکس پر عدالت نہیں جائے گی ۔ ججز ٹی او آرز بنائیں گے تو متنازعہ ہو جائیں گے ۔ تحریک انصاف کو کہا تھا کہ پانامہ پر سپریم کورٹ نہ جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت نے ٹی او آرز کا دائر وسیع کر دیا ہے حکومت نے ٹی او آرز میں قرضے معاف کرانے والوں کو بھی شامل کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن اگر بنا تو کس ضابطے اور قانون کے تحت فیصلہ اور تفتیش کرے گا حکومت کے ادارے اگر شفاف ہیں تو اپوزیشن کا بل منظور کیا جائے ۔