شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)ضلع شیخوپورہ کی چیئرمین شپ حاصل کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) دو حصوں میں بٹ گئی ہے جبکہ دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کے ضلع کونسل کے ممبران کی تعداد اس قدر قلیل ہے کہ وہ چیئرمین شپ کے حصول کی دوڑ دھوپ میں ابھی تک شامل نہیں ہوئے اور مناسب وقت کے انتظار میں بیٹھے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین جو وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شامل ہیں اپنے بھتیجے اور رانا افضال حسین ایم این اے کے بیٹے رانا احمد عتیق انور کو چیئرمین ضلع کونسل بنانا چاہتے ہیں ، ماضی میں رانا تنویر حسین نے اپنے علاقہ کے نوجوان سیاستدان رانا اعجاز حسین کو چیئرمین ضلع کونسل بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا مگر یہ تجربہ رانا تنویر حسین کیلئے ناقابل ستائش ثابت ہوا جبکہ رانا اعجاز حسین بعدازاں (ق) لیگ میں شامل ہوگئے تھے ، دوسری طرف نوا زلیگ کے این اے 134کے رکن قومی اسمبلی سردار عرفان ڈوگر جو دو مرتبہ اس حلقہ سے ایم این اے بن چکے ہیں اپنے بھائی سردار شہزاد ڈوگر آف ککڑ گل کو چیئرمین ضلع کونسل بنانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں میں سے اگر کوئی گروپ اپنی واضح اکثریت ظاہر نہ کرسکا تو نواز لیگ کی مرکزی قیادت کی طرف سے اس نشست کو اوپن کرنے کی تجویذ زیر غور ہے، رانا تنویر حسین گروپ کے ممبران ضلع کونسل کے اعزاز میں دی جانیوالی ضیافت کے موقع پر قومی اسمبلی کے رکن چوہدری بلال احمد ورک کی موجودہ میں ان کے حلقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان ضلع کونسل نے بھی رانا احمدعتیق انور کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، دوسری طرف چوہدری شہزاد احمد ڈوگر آف ککڑ گل نے کہا ہے کہ ہمارے گروپ کو ارکان ضلع کونسل کی واضح اکثریت حاصل ہے ، مخصوص نشستوں کے چناؤ کے موقع پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔