• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل کا حل ترجیح ہے ، مریم اورنگزیب

Government Prefer To Solve Pakistani Immigrants Problems
شفقت علی رضا...پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کا اہم اجلاس بارسلونا میں منعقد ہوا،اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال پر اور اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کی ترقی میں کس طرح حصہ لے سکتے ہیں شامل تھا ۔

اجلاس کی صدارت کے فرائض صدر مسلم لیگ راجو الیگزینڈر نے ادا کئے ۔اجلاس سے سینئر نائب صدر افضال احمد وڑائچ ، نائب صدر عبدالروف ، جنرل سیکرٹری ایاز عباسی ،انفارمیشن سیکرٹری ملک شاہد حسین اور مسلم لیگ آزاد کشمیر کے نمائندگان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے دھرنا سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے ،ہم سب کو مل کر اپنے وطن کی ترقی میں حصہ لینا چاہئیے ۔ مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہی پاکستان کو ترقی کی منازل تک لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت نشر واشاعت مریم اورنگزیب نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت میں پاک چائنا اقتصادی راہداری ،لاہور سے کراچی تک موٹر وے ،پل اور سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے جو ترقی کے لئے انتہائی لازمی جزو ہے ، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانیوں کی سہولت کے لئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سسٹم آن لائن کر دیا گیا ہے ۔پاکستان میں درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے اوورسیز بینچ بنائے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کے لئے شناختی کارڈ کی فیس110یوروکو کم کرنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ یہ خوشخبری بھی دے دوں کہ 2018بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا آخری سال ہو گا ۔ نیوز لیک اسکینڈل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بٹھایا جا رہا ہے جس میں پاکستان کے عسکری اداروں کے لوگ شامل ہونگے جو بغیر پریشر انکوائری کریں گے تاکہ پتا چل سکے کہ حساس اداروں کی نیوز کس طرح لیک ہوئی ۔اجلاس کے اختتام پر راجو الیگزینڈر اور ایاز عباسی نے شرکاء اجلاس اور مریم اورنگزیب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں وزیر مملکت نشر و اشاعت بننے کی مبارک باد دی ۔
تازہ ترین