• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوا یم جنرل پرویز مشرف کو اپنا قائد مان لے،احمد رضا قصوری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احمد رضا قصوری نے کہا ہےکہ ایم کیو ایم جنرل پرویز مشرف کو اپنا قائد مان لے،اظہار الحسن نے کہا کہ پرویز مشرف کو پارٹی کا لیڈر بنانے کی بات ان کے رفقاء کی خواہش ہے ،کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست میں مائنس ون کی بات تو ہوتی رہتی ہے لیکن اس مرتبہ پلس ون کی بات ہورہی ہے، مائنس ون کی طرح پلس ون کی بات بھی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے متعلق ہورہی ہے ، ایم کیوا یم پاکستان اور سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے ملاپ کی چہ میگوئیاں ہورہی ہیں، ان قیاس آرائیوں کی وجہ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحسن اور پرویز مشرف کی دبئی میں ہونے والی ملاقات ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے ان قیاس آرائیوں سے متعلق واضح تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کا کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد زیرغور نہیں ہے، ایم کیو ایم کی تردید کے باوجود ان امکانات کو بڑھاوا دینے والی ایک وجہ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری کا بیان ہے جس میں انہوں نے ایم کیو ایم میں پلس ون کا فارمولا تجویز کرتے ہوئے پرویز مشرف کی ایم کیو ایم کی قیادت کی بات کی ہے۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ پچھلے سات ماہ سے اپوزیشن جماعتیں شریف خاندان پر تنقید کرتی رہی ہیں کہ وہ پاناما لیکس میں سامنے آنے والی معلومات کا جواب نہیں دے رہے، اب پاناما لیکس کیس میں مریم نواز اور نواز شریف کی طرف سے عدالت میں جواب جمع کروایا گیا ہے کہ مریم نواز بینیفشل اونر نہیں ہیں، حالانکہ تحریک انصاف کی طرف سے جب بھی سوالات اٹھائے گئے تو مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیر، دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی طرف سے پریس کانفرنسیں کی گئی اور بار بار کہا گیا کہ وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز کی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے بلکہ وہ بینیفیشل اونر ہیں۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ واضح ہو کہ سپریم کورٹ میں کہا گیا ہے مریم نواز بینیفیشل اونر نہیں ہیں مگر جو دستاویزات آئیں ان میں مریم نواز کیلئے بینیفیشل اونر کا ٹرم لکھا ہوا ہے ، مسلم لیگ ن کی طرف سے اس ٹرم کا بار بار دفاع کیا جاتا رہا اور لفظ ’بینیفیشل اونر‘ کی وضاحت دی جاتی رہی کہ بینیفیشل اونر تو ہیں مگر اس کا مقصد مختلف ہے، ان رہنماؤں نے کبھی بھی مریم نواز کوبینیفشل اونر ظاہر کرتی ان دستاو یزا ت کو غلط قرار نہیں دیا ، دوسری طرف حسین نواز مسلسل کہتے رہے کہ مریم نواز آف شور کمپنی کی ٹرسٹی ہیں بینیفیشل اونر نہیں ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ ہمیں اس حوالے سے حسین نواز کا جواب موصول ہوا ہے۔ حسین نواز کہتے ہیں کہ جو دستاویزات دکھائی جارہی ہیں ان میں نیچے لکھا ہوا ہے کہ ’ہم یہ بات واضح کرتے ہیں کہ نیسکول اور نیلسن کی بینیفیشل اونرشپ ایک ٹرسٹ ڈیڈ کے تحت ان کی بہن کے پاس ہے جو مریم نواز ہیں‘ حسین نواز اس حوالے سے کہتے ہیں کہ اس کمپنی کے پیچھے کوئی ٹرسٹ ہے تو موزیک فونیسکا کو معلوم نہیں اور نہ ہی ٹرسٹ سے جڑے سیٹلر، ٹرسٹی اور بینفشری کے نام معلوم ہیں، حسین نواز نے مزید بتایا کہ نیسکول اور نیلسن کی بینیفیشل اونرشپ ایک ٹرسٹ ڈیڈ کے تحت ان کے پاس ہے، اس ٹرسٹ ڈیڈ کے مطابق کچھ عرصے بعد مریم نواز ان کمپنیوں کے اثاثوں کو حسین نواز کے ورثاء میں بانٹنے کی پابند ہیں، یعنی مریم نواز اس ٹرسٹ ڈیڈ کے تحت ان پراپرٹیز سے کوئی فائدہ نہیں اٹھاسکتیں، کوئی منافع نہیں اٹھاسکتیں نہ ہی اونرشپ لے سکتی ہیں۔ حسین نواز مزید کہتے ہیں کہ اس ٹرسٹ ڈیڈ پر کئی سال پہلے دستخط ہوچکے ہیں ، برطانوی قانون کے مطابق یہ ٹرسٹ ڈیڈ بالکل درست ہے جو میں عدالت میں ثابت کروں گا۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ہم نے حسین نواز سے مزید پوچھا کہ اس ٹرسٹ ڈیڈ کے حوالے سے آپ نے آئی سی آئی جے کو کیوں نہیں بتایا تو انہوں نے کہا آپ ان کے ڈاکومنٹ کے نیچے دیکھ لیجئے، اس میں لکھا ہوا ہے کہ ان کے علم میں نہیں ہے کہ اس کے پیچھے کوئی ٹرسٹ ہو اور برطانوی قانون کے تحت ہم موزیک فرانسیکا کو یہ بات بتانے کے پابند نہیں ہیں کہ ہماری کوئی ٹرسٹ ڈیڈ ہے اور اس ٹرسٹ ڈیڈ کی اہمیت آئی سی آئی جے کی دستاویزات سے زیادہ ہے۔ حسین نواز نے کہا کہ یہ ٹرسٹ ڈیڈ ایک طرح سے حسین نواز کی وصیت ہے ، ٹرسٹ ڈیڈ کے مطابق مریم نواز کا ان اثاثوں پر کوئی حق نہیں ہے، وہ صرف ان اثاثوں کو میرے ورثاء میں تقسیم کرسکتی ہیں، جب ہم نے ٹرسٹ ڈیڈ کی کاپی مانگی تو انہوں نے کہا یہ کاپی منگل کو سپریم کورٹ میں جمع کروادی جائے گی اور سب کے سامنے آجائے گی۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ہم نے جب حسین نواز سے پوچھا کہ آپ کس طرح اس معاملہ کی وضاحت کریں گے؟ تو انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ میں ایک سیٹلر، ایک ٹرسٹی اور ایک بینیفیشری ہوتا ہے، اس کیس میں سیٹلر میں ہوں، ٹرسٹی مریم نواز ہیں اور بینیفشری میرے ورثاء ہیں، اگر میں یہ ڈاکومنٹ پہلے سامنے رکھ دیتا تو یہ بھی میڈیا ٹرائل کا حصہ بن جاتے، میں نے مارچ میں ہی کہہ دیا تھا کہ جب بھی لیگل فورم آئے گا تو میں یہ تمام دستاویزات اس کے سامنے رکھ دوں گا، اب قانونی معاملہ آگیا، میں پاکستان آگیا ہوں اور عدالت میں یہ سارے معاملات رکھ دوں گا۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ ہم نے حسین نواز سے ایک دفعہ پھر پوچھا کہ آپ نے اس کمپنی میں کیوں بینیفیشل اونرشپ لکھا ہے، کیوں اتنے عرصے تک یہ بات دفاع ہوتی رہی اور اب کیوں عدالت کو بتایا کہ بینیفیشل اونر مریم نواز نہیں ہیں؟ تو ان کی طرف سے جواب دیا گیا کہ بینیفیشل اونر وہ ہوتا ہے جو پراپرٹی کا مالک ہو یا اس سے فائدہ اٹھاسکتا ہو، مریم نواز نہ اس سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں اور نہ اس کی ملکیت رکھ سکتی ہیں، مریم نواز اور میرے درمیان ایک وکیل کی موجودگی میں ایک ٹرسٹ سائن ہوا ہے جس کے تحت مریم نواز پابند ہیں کہ ایک وقت آنے پر وہ یہ سب کچھ میرے ورثاء میں تقسیم کردیں گی  ۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ معروف کرنسی ڈیلر خانانی اینڈ کالیا گروپ کے ایک پارٹنر الطاف خانانی نے امریکی عدالت میں منی لانڈرنگ کا اعتراف کرلیا ہے، الطاف خانانی کو کو گزشتہ برس امریکا میں ایک خفیہ آپریشن کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا تھا، الطاف خانانی کو اعترا ف جرم کے بعد بیس سال قید اور دو لاکھ ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تازہ ترین