کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمہ میں گرفتار کالعدم سپاہ محمد کے ملزم کو 14 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاہے اور تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ دہشت گردی کے لیے لایا تھا جس کی معلومات کرنی ہے کہ ملزم اوراس کے ساتھیوں نے دہشت گردی کا کیامنصوبہ بنایا تھا ،منگل کو پولیس نے سخت سیکورٹی میں ملزم سید مہروز مہدی عرف سید بادشاہ کوعدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ تھانہ نبی بخش کے علاقے میں7 نومبر کو رینجرز کی موبائل انسداد جرائم و تلاشی کے سلسلے میں گشت پر تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزم سید مہروز مہدی عرف سید بادشاہ کو روکا تو ملزم کے پاس بیگ سے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا اور ملزم اسلحہ کا لائسنس بھی فراہم نہیں کرسکا، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم کاتعلق کالعدم سپاہ محمد سے ہے ملزم دہشت گردی کے منصوبے کے لیے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ لایا تھا جس کے بارے میں تحقیقات کرنی ہے استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔