• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیج فارس میں رکے جہاز پر کئی پاکستانی پھنس گئے، کراچی کا شہری بھی شامل

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز 

ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد خلیج فارس میں رکے جہاز پر کئی پاکستانی پھنس کر رہ گئے ہیں، جن میں کراچی کا شہری سعد محبوب بھی شامل ہے۔

پاکستانی ورکر سعد محبوب کے والد نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی، خلیج فارس میں جہاز پر پھنسے سعد محبوب کا تعلق اختر کالونی کراچی سے ہے۔

سعد محبوب کے والد محبوب انور نے وزارت خارجہ کو خط لکھ کر کہا کہ میرے بیٹے سعد محبوب کو فوراً پاکستان واپس لایا جائے، وہ  پرگیس (PERGAS)نامی جہاز پر تعینات ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محبوب انور نے کہا کہ خلیج فارس میں کئی جہاز امریکی حملے میں ڈوب چکے ہیں، میرے بیٹے سعد محبوب سمیت چار پاکستانی پرگیس نامی جہاز پر ہیں، ان سب کی جانیں خطرہ میں ہیں۔

 محبوب انور نے کہا کہ جہاز خلیج فارس میں ایرانی جزیرہ کیش کے قریب کھلے سمندر میں لنگر انداز ہے، جہاز پرشین گلف شپنگ اینڈ میرین ایجنسی کی ملکیت ہے، جس پر 15 دن بعد راشن پہنچایا جاتا ہے، جنگ کی وجہ سے راشن نہیں پہنچا۔ 

انہوں نے کہا کہ جہاز پر کھانے پینے کا سامان تقریباً ختم ہو چکا ہے، عملہ فاقہ کشی پر مجبور ہے، انٹرنیٹ اور فون سگنلز خراب ہونے کی وجہ سے بیٹے سے رابطہ بھی نہیں ہو رہا۔

محبوب انور نے مزید کہا کہ خلیج فارس میں پھنسے درجنوں جہازوں پر بڑی تعداد میں پاکستانی ورکرز موجود ہیں، حکومت پاکستان میرے بیٹے سمیت تمام پاکستانیوں کو فوری وطن واپس لائے۔ 

قومی خبریں سے مزید