• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے میئر اور ڈپٹی میئرز کی نامزدگی کا حتمی فیصلہ تا حال نہ ہو سکا

اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت نے راولپنڈی میں میئر اور ڈپٹی میئرز کی نامزدگی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔مسلم لیگ(ن) کےسربراہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی منظوری سے راولپنڈی سمیت تمام اضلاع میں میئر او ر ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول آنے کے بعد باقاعدہ مشاورت کی جائے گی۔ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی خصوصی نشستوں کے انتخابات 15 نومبر،ٹائون کمیٹیوں کی خصوصی نشستوں کے انتخابات19 نومبر کو ہونگے۔26/25 نومبر کو کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔3دسمبر کو خصوصی نشستوں پر کامیاب ہونےوالے امیدوار حلف اٹھائیں گے۔ جس کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگا، پاکستان مسلم لیگ(ن) میٹروپولیٹن راولپنڈی کے صدر اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر کے امیدوار سردار نسیم سے جب اس ضمن میں رابطہ کیا گیاتو انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول کےاعلان کے بعد ن لیگ قیادت میئر اور ڈپٹی میئر ز کے امیدواروں کی نامزدگی کا فیصلہ کرے گی ابھی کسی امیدوار کے نام کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔دریں اثنا میئر کے دیگر امیدواروں شیخ ارسلان حفیظ،سجاد خان اور راجہ حامد حسین عباسی نے کہا ہے کہ میئر راولپنڈی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے تاحال کسی کو پارٹی امیدوار ڈکلیئر نہیں کیا تاہم جو بھی فیصلہ ہوگا شہر اور عوام کے مفاد میں ہوگا جسے سب تسلیم کریں گے۔پارلیمانی بورڈ یا پارٹی کی قیادت نے میئر کی نامزدگی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے لہٰذا میئر کی نامزدگی کے حوالے سےافواہوں پر یقین نہ کیا جائے،ہم امید کرتے ہیں کہ پارٹی قیادت شہر اور عوام کے بہترین مفاد میں نو منتخب تمام یوسی چیئرمینوں کو اعتماد میں لے کر میئر شپ کا فیصلہ کرے گی جس کا باقاعدہ اعلان ہوگا اور ہم سب پارٹی ڈسپلن کی پابندی کریں گے۔
تازہ ترین