راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اب تک ضلع راولپنڈی میں 142نابینا اور معذور افراد کو سرکار ی محکموں سمیت پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں میں بھرتی کیا جا چکا ہے جبکہ مزید بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ اس بات کا اظہار ڈی سی او آفس راولپنڈی میں ہونے والے خصوصی افراد کی سرکاری محکموں سمیت پرایئویٹ سیکٹر میں بھرتی کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ صدارت ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کی۔ اس موقع ڈی او سوشل ویلفیئر اسلم میتلا نے خصوصی افراد کی بھرتی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں اے ڈی سی (جی) نازیہ پروین سدھن، بلائنڈ ایسوسی ایشن کے صدر نبیل ستی، ڈی او لیبر لیاقت علی، ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن طارق محمود، عبدالحسیب قریشی نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او راولپنڈی نے کہا کہ نابینا اور معذور افراد کی بھرتی کا مقصد انہیں معاشرے کا خودکفیل شہر ی بناناہے تاکہ وہ کسی بھی معذوری یا تنگدستی کو وجہ سے کسی کے دست نگر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی بحالی اور انکے معیار زندگی کو بہتر بنانے ہرممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے۔