اسلام آباد( طاہر خلیل+ ایوب ناصر) اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی بحیثیت صدر کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔بدھ کو اسلام آباد میں جنگ /دی نیوز بیوروز کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاک یہ پروپیگنڈا نہیں حقیقت ہے کہ پاکستان کی ترقی نواز شریف کے نام کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ نوازشریف اپنے پہلے دور حکومت میں موٹروے قائم نہ کرتے تو سی پیک کیسے آتا؟ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کے ساتھ ساتھ پورا خطہ مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ دنیا کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ معاشی سرگرمیوں کیلئے پاکستان ایک بہتر ملک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ کی موجودہ حکومت نے دہشتگردی کے آگے بند باندھا2013 میں 2480 خودکش حملے اور دھماکے ہوئے2016 میں ان کی تعداد 246 رہ گئی ہے۔ انرجی کا بحران ختم ہونے کے قریب ہے ، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آدھا کردیاگیا ، معیشت کو استحکام ملا ہے۔ سیف سٹی، پڑھالکھا اورصحت مند پاکستان (ن) لیگ کی ترجیحات ہیں۔ ہیلتھ انشورنس اورسرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن کا آغاز ہوچکا ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے بار ے میں تفصیلات عوام تک پہنچانے کیلئےخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ میڈیا سے منسلک سرکاری ملازمین اورصحافیوں کی تربیت میں تسلسل قائم رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ صحافیوں کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات کی اکیڈیمی کومتحرک کیا جارہاہے۔ انہوںنے اپنے محکمے کے ملازمین کےویلفیئر کی ضرورت کو بھی ضروری قرار دیا کہ اس سے ادارے مضبوط ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کی الزام تراشی کا جواب اپنے ووٹر کے مورال کو بلند رکھنے کیلئے ضروری ہوتا ہے، خطے میں امن کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، بھارت کے چار ایٹمی دھماکوں کے جواب میں عالمی دبائو کے باوجود پانچ ایٹمی دھماکے نوازشریف کاہی کمال تھا۔ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کے ساتھ عوام کی سوچ بھی پختہ ہورہی ہے۔ خواتین پارلیمنٹ سمیت تمام شعبوں میں فعال کردار ادا کررہی ہیں، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے قریب رہ کر کام کیا ہے۔ ان کی سیاست پختہ سوچ کی آئنہ دار ہے۔قبل ازیں وزیر مملکت مریم اورنگ زیب نے بدھ کو اسلام آباد میں روزنامہ جنگ اور دی نیوز کے بیورو دفاتر کا دورہ کیا ۔ اور بیوروز سے وابستہ سینئر تجزیہ کاروں اور رپورٹرز سے مختلف امور پر کھلے ماحول میں بات چیت کی ۔ جیونیوز کے سینئر اینکر حامد میر، پرنسپل انفارمیشن آفسیر رائو تحسین اور وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام بھی موجود تھے ۔ وزیر مملکت نے جنگ بیورو کے دورے میں صحافیوں سے پیشہ وارانہ امور، بیٹ رپورٹنگ اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مریم اورنگ زیب نے جنگ گروپ کی طر ف سے صحافیوں کو فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں کو سراہا اور کہا کہ جنگ گروپ نے صحافت کے شعبے میں اعلیٰ معیار قائم کئے ہیں جنگ اسلام آباد کے بیورو چیف طاہر خلیل اور دی نیوز بیورو کے سینئر تجزیہ کار طارق بٹ نے انہیں کارکردگی سے آگاہ کیا۔ عمر چیمہ ، عثمان منظور ، وقار گیلانی ، فخر درانی ، پرویز شوکت ، ایوب ناصر ، عاصم جاوید ، تنویر ہاشمی ، بلال ڈار ، عاطف شیرازی ، رانا مسعود حسین ، بلال عباسی ، عاصم یسینٰ، محمد انیس ، محی شاہ، اسرار خان، خالد مصطفیٰ ، سہیل خان، ممتاز علوی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔