ہنگورجہ (نامہ نگار)نوشہروفیروز اور خیرپور اضلا ع کو ملانے والی اہم سڑک ہنگورجہ رسول آباد براستہ محراب پور زبوں حالی کا شکار ہے۔ سڑک کے دونوں پل گاؤں بچل بھنبھرو کے قریب گر گئے ہیں جس کی وجہ سے دونوں شہروں کا زمینی رابطہ شدید متاثر ہوگیا ہے محراب پور جانے والے لوگ تیس کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے کوٹری کبیر اور ہالانی سے جاتے ہیں۔ یونین کونسل رسول آباد کے وائس چیئرمین عبدالقادر میمن نےصحافیوں کو بتایا کہ محرابپور میں بڑی غلہ منڈی ہے جہاں اناج ،کپاس وغیرہ کا روبار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا محرابپور کاروباری مرکز ہے اور سندھ بھر میں سبزیوں اور فرنیچر کے لئے مشہور ہے لیکن افسوس خیرپور ضلع اندرونی راستے نوشہروفیروز کے تاریخی شہر محرابپور سے کٹ گیا ہے جس کی وجہ سڑک کی خراب صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا محرابپور ہنگورجہ سڑک کی تعمیر کو بیس برس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا علاقے کے ایم پی اے اور ایم این اے کو کافی بار درخواست دی ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ نوشہروفیروز ضلع کی حدود میں ہے اور جب نوشہروفیروز کے ایم پی اے ایم این اے کو گزارش کرتے ہیں تو جواب آتا ہے یہ سڑک خیرپور ضلع کی حدود میں ہے۔ انہوں نے کہا عوام کے مسائل حل کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے اور غریب عوام سخت پریشان اور مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہنگورجہ محرابپور سڑک کی جلد تعمیر کرائی جائے۔