سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ہم سکھر شہر کی بہتری کیلئے مثبت اور تعمیری انداز سے جدوجہد کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال او رنساسک کی ناقص کارکردگی کے خلاف شہر بھر میں احتجاجی سیاہ بینرز آویزاں کئے جائیں گے اور 16نومبر کو کپڑا مارکیٹ سے نساسک کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ وہ اپنے دفتر میں ایس ڈی اے کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں نساسک کی جانب سے ایس ڈی اے پر لگائے گئے الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور نساسک انتظامیہ کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا جواب نہ آنے کی صورت میں عدالت سے بھی رجوع کرنے کا انتباہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ نساسک انتظامیہ خطیر رقوم کے فنڈز خرچ کرنے کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داریاں انجام دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نساسک سے فوری طور پر معاہدہ ختم کر کے صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے ۔اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ سکھر شہر کی بہتری کیلئے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نکلے ہیں اور جب تک شہری مسائل حل نہیں کئے جاتے ہماری احتجاجی تحریک اسی طرح سے مثبت اور تعمیری انداز سے جاری رہے گی اور نساسک کے خلاف شہر بھر میں احتجاجی سیاہ بینرزآویزاں کئے جائیں۔16نومبر کو کپڑا مارکیٹ سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ اجلاس میں بااثر افراد کی جانب سے قبرستانوں پر قبضوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ قبرستانوں سے قبضوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر ہم اس کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کریں گے۔