• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرانک میڈیا میں ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد( طاہر خلیل) پاکستانی ڈی ٹی ایچ (ڈائریکٹ ٹوہوم سروس)کے لئے 23 نومبر کو بولی ہوگی۔ 15 کمپنیوں کی طرف سے پیشکشیں وصول ہوگئیں۔14 نومبرکو شارٹ لسٹ کمپنیوں کی تفصیلات جاری کردی جائیں گی۔ جمعہ کو پیمرا کی جانب سے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے وزیرمملکت کوادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کا کہناتھا کہ ٹی وی چینلز اورنیوز روم میں ضابطہ اخلاق کےنفاذ کیلئے عملے کا تربیتی پروگرام اگلے ہفتے سے شروع کیا جائیگا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا میں ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ انہوںنے کہاکہ پیمرا اس ضمن میں جو بھی حکمت عملی بنائے گا اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس سے میڈیا کی ساکھ بہتر ہوگی، بریفنگ میں زیر سماعت کیسز کی تفصیلات بتائی گئیں چیئرمین پیمرا نے کہاکہ پیمرا کے لیگل بجٹ میں اضافہ ضروری ہے۔ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کے حوالے سے بتایا گیا کہ 15 کمپنیوں کی پیش کشیں موصول ہوگئی ہیں۔23 نومبر کو بولی ہوگی، وزیر مملکت اطلاعات نے بھارتی مواد کیخلاف پیمرا کی مہم کو سراہا۔اس مہم میں پیمرا نےخلاف ورزی پر ساڑھے چارہزار ایکوپمنٹس ضبط کرلیا ہے۔ بھارتی مواد دکھانے والوں کیخلاف مہم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا اور لوگوں سے اپیل کی گئی کہ جہاں بھارتی مواد کی ڈش فروخت ہورہی ہیں ان کے بارے میں اطلاع دیں وہاں پیمرا کارروائی کریگا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ وفاقی حکومت پیمرا کو مکمل آزاد اور خودمختار ادارہ بنانا چاہتی ہے۔ اس کیلئے جہاں ضروری ہوا قانون میں تبدیلی لائیں گے اورمیڈیا کی آزادی کو یقینی بنایا جائے گا۔  پیمرا اس بات کی یقین دہانی کرائے میڈیا پر چلنے والا مواد ملکی ثقافت اور قومی مفاد میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی پیشہ وارانہ مہارت اور انہیں مانیٹرنگ سسٹم کے جدید ترقی یافتہ رجحانات سے لیس کرنے کیلئے ان کیلئے جامع ادارہ جاتی تربیتی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دریں اثنا پیمرا کی مالی خود مختاری کیلئے حکومت سے رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ چیئرمین ابصارعالم نے حکومت سے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے آزاد ریگولیٹر کی حیثیت سے پیمرا کو مکمل مالی خود مختاری دی جائے۔ یہ معاملہ جمعہ کو بھی وزیر مملکت اطلاعات  مریم اورنگزیب سے پیمرا حکام کی میٹنگ کے دوران اٹھایاگیا۔ ذرائع کےمطابق پیمرا نے اگلے تین سال کیلئے سٹرٹیجک پلان تیارکرلیا ہے۔ جس کے ذریعے ادارے کو وسعت دی جائے گی اور دنیا بھر میں اس شعبے میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں اور اقدامات( بیسٹ پریکٹسزز) کو اپنایا جائے گا۔ الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ افراد کیلئے ٹریننگ کورسز شروع کرائے جائیں گے۔ پیمرا کیلئے 2002 میں مشرف دور میں جو فنڈز مختص کئے گئے تھے۔14 سال گزرنے کے باوجود اس میں اضافہ نہیں کیاگیا ،پیمرا نے مالی خود مختاری کیلئے حکومت سے 4 ارب روپے مانگے ہیں تاکہ تین سالہ سٹرٹیجک پلان پر عمل کیا جاسکے۔   
تازہ ترین