سکھر (بیورو رپورٹ) شیعہ رابطہ کونسل ضلع سکھر کا اجلاس علامہ علی بخش سجادی کی زیر صدارت مدرسہ ولی العصر میں منعقد ہوا، اجلاس میں علامہ سید مختیار علی رضوی، مولانا برکت علی مظہری، مولانا سید ذکی شاہ، سید گلزار حسین شاہ موسوی، عرفان علی، فرحت حسین، سید ناصر عباس شاہ، عاشق حسین چاچڑ سمیت ضلع اور تعلقوں کے عہدیداران و ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چہلم امام حسینؓ کے جلوسوں ، مجالس اور عزاداری کے پروگراموں کا جائزہ لیا گیا، 8 ربیع الاول تک 500سے زیادہ پروگرام ہوں گے جس میں سیکورٹی کے انتظامات کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں سانحہ درگاہ شاہ نورانی کی سخت مذمت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی بخش سجادی نے کہا کہ درگاہ شاہ نورانی کے سانحہ میں 52سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں جو حکومت اورمتعلقہ اداروں کی کارکردگی اور دعووں پر سوالیہ نشان ہے اور 8ربیع الاول کے جلوسوں ، مجالس اور پروگراموں کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔