سنگین غداری کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا اسلام آباد کا چک شہزاد فارم ہاؤس اور ڈی ایچ اے اسلام آباد کا پلاٹ بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔
سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے اشتہاری ملزم پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کے احکامات جاری کیے تھے۔
عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پرویز مشرف کا چک شہزاد فارم ہاؤس اور ڈی ایچ اے اسلام آباد فیز ٹو کے سیکٹر ایف میں پلاٹ نمبر ایک بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے،جائیداد ضبطگی کی تعمیلی رپورٹ اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ کو پیش کر دی گئی ہے۔
پرویز مشرف اخبار میں اشتہار کے باوجود پیش نہ ہوئے، ان کے گھر پر بھی عدالت میں پیش ہونے کے لیے اشتہار چسپاں کیا گیاجس کے بعد عدالتی حکم کے تحت جائیداد ضبط کر لی گئی۔
تعمیلی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو اب دونوں جائیدادیں فروخت کرنے کا اختیار نہیں۔