کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر کی اہلیہ نائلہ وسیم نے کہا ہے کہ وسیم کو ایک نیا کراچی بنانا ہوگا جو پاکستان کیلئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ افشاں فاروق کا کہنا ہے کہ خواہش ہے ایم کیو ایم کے تمام گروپ ایک ہوجائیں،وہ مزار قائد پر جنگ سے بات چیت کررہی تھیں،نائلہ وسیم کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اختر کی رہائی حق سچ و انصاف کی فتح ہے چار مہینے وسیم اور ہم نےانتہائی اذیت میں گزارے اللہ تعالیٰ کے بعد عدالتوں اور عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے برے حالات میں اپنے فیصلوں سے ہمارے عزم وحوصلے کو بڑھایا، کراچی مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے، اسپتال اور تعلیمی ادارے تباہ ہوچکے ہیں، انہوں نےکہا کہ میری بحیثیت اہلیہ وسیم کو تمام اختیارات ملیں وہ رات دن گھر چھوڑ کر شہر اور عوام کی خدمت کریں امید ہے میری طرح حکومت سندھ بھی وسیم کو تمام جائز اختیارات دے گی تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کرسکیں، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ افشاں فاروق نے کہا کہ وسیم اختر کی رہائی پوری پاکستانی قوم کیلئے خوشی کاباعث ہے وہ ملک کے سب سے بڑے شہر کے میئر ہیں جس کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، خواہش ہے کہ ایم کیو ایم کے تمام گروپ ایک ہوجائیں جو ناراض ہوکر چلے گئے ہیں وہ بھی واپس آجائیں تاکہ کراچی کے عوام کی طاقت دوبارہ سے مضبوط ہوسکے اور شہر ترقی کرے۔