کراچی( نصر اقبال / اسٹاف رپورٹر) اگلے سال جون میں لندن میں جون میں ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ رائونڈ انتہائی سخت ہوگا۔ یہ بات قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ہاکی لیگ کے مقابلے اگلے ورلڈ کپ کے کوالیفائی رائونڈ بھی ہونگے، جو 15 سے25 جون تک کھیلے جائیں گے، اس کے لئے ایف آئی ایچ نے چھ ٹیموں کا اعلان کردیا ہے ان میں پاکستان کے علاوہ ارجنٹائن، ہالینڈ، بھارت، انگلینڈ اور کوریا شامل ہیں، چار مزید ٹیموں کا اعلان فروری تک متوقع ہے، پاکستان کو اس ٹور نامنٹ میں مشکل ٹیموں کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی تیاری کےلئے وہ ٹیم منیجر حنیف خان کے ساتھ اگلے ہفتے پی ایچ ایف کے حکام سے ملاقات کریں گے جس ایونٹ کی تیاری کے حوالے سے ایک جامع پلان پیش کیا جائے گا جس میں پہلا نکتہ ورلڈ ہاکی لیگ کی ٹیموں کے ساتھ انٹرنیشنل میچوں کا ہوگا تاکہ قومی کھلاڑی ان ٹیموں کی پر فارمنس اور تیکنک کا اندازہ لگا سکیں، دوسرا پوائنٹ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا ہوگا جس میں فٹنس کے معاملات کے بارے میں تجویز دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بڑے میچوں کا تجربہ دلانا ضروری ہے، وہ پچھلے عالمی ایونٹ میں ٹیم کی کار کردگی اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے بارے میں اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے پی ایچ ایف کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ کے بعد کئی جونیئر کھلاڑی بھی ہمیں دستیاب ہونگے ان کو قومی سنیئر ٹیم کا حصہ بناکر سنیئر ٹیم کے لئے مضبوط کمبی نیشن تیار کریں گے، انہوں نے کہا کہ فٹنس قومی کھلاڑیوں کا اہم پہلو ہے جس کو ہر وقت بہتر بنانا ہوتا ہے۔