• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالبعلم کا معائنہ، اسپیشل میڈیکل بورڈ جمعہ کو ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالبعلم محمد احمد حسین کے معائنے کےلئے اسپیشل میڈیکل بورڈ جمعہ 25نومبر کو ہوگا۔ سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کے مطابق جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو کی دوسری منزل کے کانفرنس روم میں جمعہ 25نومبر کی صبح 10بجے میڈیکل بورڈ ہوگا اور محمد احمد حسین کا معائنہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ سے کہا گیا ہے کہ جمعے کوہی رپورٹ پیش کی جائے اور طالبعلم کے علاج سے متعلق ملک یا بیرون ملک کے اداروں کی سفارش پیش کی جائے اور زخموں کی وجوہات بھی بیان کی جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ کو تبدیل نہیں کیا گیا ۔ بورڈ کے چیئر مین سول اسپتال کے نیوروسرجن پروفیسر جنید اشرف اور کنوینئر قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر پروفیسر سید جمال رضا ہی ہیں جبکہ اراکین میں سول اسپتال کےای این ٹی سرجن پروفیسر عمر فاروق، جناح اسپتال کے نیوروسرجن پروفیسر لعل رحمان ، جناح اسپتال کےای این ٹی سرجن ڈاکٹر محمد عثمان ، آغا خان اسپتال کے ڈاکٹر اقبال احمد مغیرہ، آغا خان اسپتال کے ڈاکٹر پریم چند ، سی بی لیب کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جلیل قادر، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کےای این ٹی اسپیشلسٹ پروفیسر محمد حسن شیخ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے نیورولوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر عالم ابراہیم صدیقی شامل ہیں ۔واضح رہے کہ کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں چند دن قبل تشدد کے باعث آٹھویں جماعت کے طالبعلم 13سالہ محمد احمد حسن ولد محمد راشد مشہوری کی حالت بگڑ گئی اور اسے تشویشنا ک حالت میں اسپتال داخل کیا گیا۔ جس پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی تھی کہ طالبعلم کے معائنے کےلئے اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے ۔ محکمہ نے بورڈ تشکیل دے کر معائنے کے لئے پیر کا دن مقرر کیا تھا تاہم بورڈ کے ایک رکن کی عدم موجودگی پر پیر کو بورڈ نہیں ہوسکاتھا جو اب جمعے کو ہوگا ادھروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے علیل بچے کے والد کو فون کر کے بچے کا مکمل علاج کروانے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ بچے کا جس ملک میں بھی علاج ممکن ہوگا وہیں سے علاج کرا ئیں گے اورجمعہ کے دن بچے کا میڈیکل بورڈ کروا ئینگے ۔ جس پر بچے کے والد نے وزیراعلیٰ سندھ کا انہیں سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین