• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں جرائم مکمل کنٹرول میں ہے،رانا ثناء اللہ

لاہور(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں )صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ  بابر اعوان اور اعتزاز جیسے کرپٹ لوگ اب عمران کا آخری سہارا ہیں، لاہور میں جرائم کی مجموعی صورتحال پوری طرح کنٹرول میں ہے، اِکا دُکا واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں۔لاہور  میں جرائم کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے،شیخ رشید،بابر اعوان، اعتزاز جیسے کرپٹ لوگ اب عمران کا آخری سہارا ہیں، ڈولفن فورس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم کا گراف 35 فیصد کم ہوا ہے، لاہور کی آبادی کے لحاظ سے ڈولفن فورس تعداد میں انتہائی کم ہے، حکومت ڈولفن فورس میں نہ صرف نئی بھرتیاں کر رہی ہے بلکہ اِ س کا دائرہ کار گوجرانوالہ، ملتان ، فیصل آباداور راولپنڈی تک وسیع کیا جائے گا۔  وہ  پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری اور ممبر صوبائی اسمبلی رانا ارشد بھی موجود تھے۔ رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ جرائم کے حالیہ واقعات افسوسناک ہیں تاہم اِ ن واقعات میں ملوث ملزمان جلد گرفتار کرلیے جائیں گے۔ جرائم کے خاتمے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ لاہور میں مئی 2017 تک مکمل ہو جائے گا۔ اُنہوں کہا کہ دسمبر میں بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے 3 سال پوری قوم کو یرغمال بنائے رکھا  ۔پی ٹی آئی کے لیگل ایڈوائزر بابر اعوان ہیں جو میرے خیال سے وکالت کے معزز پیشہ پر ملامت ہیں۔ یہ وہی بابر اعوان   ہیں جنہوں نے حارث سٹیل مل کی پنجاب بنک میں 10 ارب کی ڈکیتی میں سے ساڑھے تین کروڑ روپے بطور رشوت اپنا حصہ وصول کیا۔ کیا اب عمران خان کی جگہ بابر اعوان کرپشن ثابت کرے گا؟     اعتزاز احسن بے شک بڑے قابل انسان ہیں لیکن کرپٹ ہیں۔ اُنہوں نے ہمیشہ اپنی ذہانت اور وکالت کو بیچا ہے۔
تازہ ترین