پشاور،چارسدہ( کرائم رپورٹر+نمائندہ جنگ) چارسدہ کے علاقے زیم میں پولیومہم کے دوران بچوں کو زائدالمعیاد ویکسین استعمال ہونے کا انکشاف ہواہے جس پر اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ویکسین تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہے ۔اینٹی کرپشن سرکل چارسدہ انچارج قاضی محمد اسلم کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹراینٹی کرپشن خیبر پختونخوا زیب اللہ خان کو اطلاع ملی کہ چارسدہ کے علاقے زیم میں پولیو مہم کے دوران زائد المعیاد ویکسین بچوں کو دی جاری ہے جس پر قاضی اسلم اپنی ٹیم کے ہمراہ پہنچ گئے تو معلوم ہواکہ بچوں کو جو ویکسین دی جاری ہے وہ زائد المعیاد ہے قاضی محمد اسلم کے مطابق انہوں نے سول ڈسپنسری زیم کے ڈاکٹر اور پولیو ٹیم انچارج سے فرد پر ویکسین قبضہ میں لے لی ہیں ان کا کہناتھا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے ۔