• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کیلیے جونیئر ہاکی ٹیم کا اعلان،قیادت عماد بٹ کرینگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔اس اہم ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت عماد بٹ کودی گئی ہے جبکہ محمد دلبر ان کے نائب ہونگے۔ جونئیر ورلڈ کپ 8 دسمبر سے بھارت کے شہر لکھنو میں کھیلا جا ئے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سلیکٹرز نے چیف سلیکٹر رشید جونیئر کی قیادت میں کھلاڑیوں کی کار کردگی اور ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد حتمی ٹیم کا اعلان کیا۔ پی ایچ ایف کے مطابق ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان کو این او سی مل چکا ہے لیکن ٹیم کو تاحال بھارتی ویزوں کے اجرا ءکا انتظار ہے ،18رکنی ٹیم میں کپتان عماد بٹ ، نائب کپتان محمد دلبر، علی رضا ، منیب الرحمان ، عاطف مشتاق، حسن انور ، مبشر علی ، ابوبکر محمود، فیضان ، جنید کمال ، تعظیم الحسن ، شان ارشاد، اظفر یعقوب، محمد عتیق ، بلال قادر محسن صابر سہیل ریاض اورسمیع اللہ شامل ہیں ۔ گرین شرٹس کو ایک بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا ہے کہ ٹور نامنٹ بہت اہم ہے ، قومی کھلاڑیوں پر دبائو ہے، ہمیں سخت ٹیموں کا سامنا ہوگا مگر کیمپ میں کھلاڑیوں نے خاصی محنت کی ہے اورسلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں سامنے آ نے والی خامیوں کو خاصی حد تک قابو پایا ہے، ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے بھارت میں کھیلنے کا کھلاڑیوں پر کوئی دبائو نہیں ہوگا، ان کو بتادیا ہے کہ بھارت میں ہم اپنی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں گے، ہمیں سیاسی کشیدگی اور دیگر باتوں پر توجہ نہیں دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے مضبوط ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے جس سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے امید ہے کھلاڑی کسی دبائو میں نہیں آئیں گے اور قوم کو خوشی دیں گےانہیں ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔
تازہ ترین