اسلام کوٹ( نامہ نگار) پی ٹی آئی کے رہنما اور غوثیہ جماعت کے روحانی پیشوا شاہ محمود قریشی تھر کی تحصیل چھاچھرو کے گائوں جیسی جو پار پہنچ گئے ۔جہاں پر انہوں نے غوثیہ جماعت تھر کے سابقہ خلیفہ مرحوم ابن راہموں کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی ۔ اور ابن راہموں کہ بیٹےنظام الدین کی دستار بندی بھی کی اور ان کو خلیفہ مقرر کیا بعد ازاں انہوں نے جلسے سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمارے اوپر گولے برسا رہا ہے اور ہمارے وزیر اعظم بھارتی کیلے کھارہے ہیں۔ وزیر اعظم کو چاہیے کے بھارت کے ساتھ تجارت بند کریں ۔ وزیر اعظم میں اتنی ہمت نہيں پر ایک درویش کا بیٹا بھارت کے وزیراعظم کو واضح پیغام دے رہا ہے کہ اپنی حرکتیں بند کرے اگر پانی بند کیا تو مقبوضہ کشمیر، تھر سمیت ملک کا بچہ بچہ مودی کا مقابلہ کرے گا۔ وزیراعظم اور سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تھر کےلئے ایک ارب کے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا پر ان پر عمل ہوتے ہوئے نظر نہيں آیا۔ ستر سال سے تھر کی یہ ہی داستان سن رہے ہیں تھر کو قدرت نے مالا مال کیا ۔تھر پاکستان کاوہ خطہ ہے جو پورے پاکستان کو روشن کر سکتا ہے ۔ اسلام آباد میں موجود حکمرانوں کو تھر نظر نہیں آتا ۔ میں تھر میں ممبر بننے نہیں امید کا دیا جلانے آیا ہوں۔ تھر میں ظالموں کا راج ہے انہوں نے مجھے ہرا کر سوچا کہ میں بھاگ گیا ہوں پر میں بار بار تھر آئونگا ۔غربت کہ خاتمے تک تھر کہ دورے کرتا رہوں گا۔ تھر میں بھارتی سرحد کے قریب کھڑا ہو کر پیغام دے رہا ہوں کہ ہم بھارت سے لڑیں گے ۔