• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پسنی : فائرنگ سے دو سیکورٹی اہلکار شہید، مستونگ میں 2 دہشتگرد ہلاک،2گرفتار

کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)پسنی میں تیل تلاش کرنیوالے نجی کمپنی کی گاڑی پرنامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو سیکورٹی اہلکار شہیدہو گئے  جبکہ مستونگ میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کی کارروائی  میں دو دہشت گرد ہلاک اور   دو کو گرفتار  کر لیا گیا ۔ ڈیرہ مراد میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،سیکورٹی ذرائع کے مطابق تیل تلاش کرنے والی کمپنی کا عملہ ہفتے کوگاڑیوں میں پسنی سے ڈنڈو کلانچ جا رہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عملے کی سیکورٹی پر تعینات دو اہلکار محمد اسلم اور طارق محمود موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر سیکورٹی اہلکاروں نےجوابی فائرنگ کی جس پر حملہ آور زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔  بعد ازاں نماز جنازہ کے بعد شہید طارق محمود کی میت آبائی علاقے صوابی اور شہید محمد اسلم کی سیالکوٹ روانہ کر دی گئی ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشن شروع کر دیا جو رات گئے تک جاری  تھا۔ مستونگ سے نامہ نگار کے مطابق  سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کی کاروائی میں  دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ   دو  کو گرفتار  کر کے  اسلحہ گولہ بارود اور افغان کرنسی برآمد کر لی گئی ۔
تازہ ترین