لاہور (این این آئی )پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بیشک دیگر ممالک سے بھی خطوط منگوا لیں لیکن ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں بچا،حکومت کے پاس پیپلز پارٹی کے چار مطالبات کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں اور اگر ہم سڑکوں پر نکلے تو حکومت کی چولیں ہل جائیں گی ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 49یوم تاسیس 30نومبر کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور اس روز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں ایک متحرک پیپلزپارٹی سامنے آئے گی اور سر پرائز بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی تنظیمو ں کا اعلان ہونے کے بعد ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر تنظیم سازی کا مرحلہ جاری ہے اور اس کے لئے بلاول بھٹو خود انٹر ویوز کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرا ن جو مرضی کر لیں پاناما لیکس سے اپنا پیچھانہیں چھڑا سکتے ، یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے لیکن حکمران مختلف حربوں کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بیشک دیگر ممالک سے بھی خطوط منگوا لیں لیکن ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں بچا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت میں شامل کچھ لوگ اپنی قیادت کے دفاع اور دوستی کے نام پر دشمنی نبھا رہے ہیں اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چار مطالبات بڑے واضح ہیں اگر حکومت نے چار مطالبات تسلیم نہ کئے تو یو ٹرن نہیں ہوگا بلکہ تحریک چلے گی ،جب پیپلز پارٹی سڑکوں پر نکلے گی تو حکومت کی چولیں ہل جائیں گی۔