• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب سے وفاقی ،صوبائی وزرا،کی تعداد 60 سے بڑھ گئی، ڈی جی خاں، گجرات جہلم ، چنیوٹ اور بہاولنگر نمائندگی سے محروم

لاہور (مقصود اعوان سے) صوبائی کابینہ میں 11 نئے وزرا کی شمولیت سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی ا ور صوبائی وزرا،  وزرائے مملکت اور مشیروں کی تعداد 60 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ وفاقی و صوبائی وزرا کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان ، گجرات، جہلم، بھکر، جھنگ، راجن پور، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں، خانیوال اور بہاولنگر جیسے اضلاع وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نمائندگی سے بدستور محروم ہیں۔ ماضی میں ان اضلاع سے صدر، وزیراعظم، گورنر، وزیراعلیٰ اور بڑے بڑے قدآور سیاست دان سینٹ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اپنے علاقوں کی نمائندگی کرتے رہے ۔ وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے علاوہ 12 وفاقی و صوبائی وزا اسحاق ڈار خواجہ سعد رفیق، کامران مائیکل، انوشہ رحمان، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، بلال یاسین، رانا مشہود خان اور عائشہ غوث کے بعد تین نئے صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور سید زعیم حسین قادری کا تعلق لاہور سے ہے۔ سبکدوش کئے جانے والے وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا تعلق بھی لاہور سے تھا ۔ضلع قصور کی وفاقی کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں صرف سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں پورے ضلع کی نمائندگی کرتے چلے آ رہے   تھے ۔اب قصور سے شیخ علائوالدین  کو وزیراور  ملک محمد احمد کو مشیر بنایا گیا ہے۔ضلع ننکانہ صاحب سے برجیس طاہر وفاقی وزیر  تھے اب اس ضلع سے رانا محمد ارشد کو صوبائی مشیر بنایا گیا ہے ۔ضلع شیخوپورہ سے وفاقی وزیر رانا تنویر احمد خان وفاق میں نمائندگی کر رہے ہیں اس ضلع کی صوبائی کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے ۔ضلع گوجرانوالہ سے وفاقی وزیر خرم دستگیر اور وزیر مملکت عثمان ابراہیم شہر کی نمائندگی کر رہے ہیں مگر دیہی علاقے کی وفاقی اور صوبائی کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ ضلع سیالکوٹ سے دو وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف اور زاہد حامد نمائندگی کرتے چلے آ رہے ہیں اب منشا اللہ بٹ  صوبائی کابینہ میں بھی سیالکوٹ کی نمائندگی کریں گے ۔چودھری فضل الٰہی،  چودھری ظہور الہٰی، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی  کاضلع گجرات وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نمائندگی  سے مکمل طور پر محروم ہے۔ منڈی بہائوالدین سے  صرف ایک خاتون  حمیدہ وحیدالدین صوبائی کابینہ میں شامل ہیں۔ ضلع حافظ آباد سے صرف وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ اور ضلع نارووال سے وفاقی وزیر احسن اقبال وفاقی کابینہ میں علاقے کی نمائندگی کرتے چلے آ رہے ہیں۔ ان دونوں اضلاع کی صوبائی کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے ضلع راولپنڈی سے چودھری نثار علی خان، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگ زیب اور طارق فضل وفاقی کابینہ جبکہ راجہ اشفاق سرور صوبائی کابینہ میں علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ضلع اٹک سے شیخ اعجاز احمد وفاقی کابینہ اور صوبائی وزرا شیر علی خان اور جہانگیر خانزادہ پنجاب کابینہ میں نمائندگی کریں گے۔ ضلع جہلم  بھی وفاقی اور صوبائی حکومت میں نمائندگی سے محروم ہے۔ ضلع سرگودھا سے صرف امین الحسنات وزیر مملکت میں جبکہ صوبائی کابینہ میں اب تک کوئی رکن وزیر نہیں ہے۔ ضلع چکوال کی صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم اور صوبائی مشیر ملک سلیم اقبال نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ وفاقی کابینہ میں اس ضلع سے کوئی وزیر نہیں ہے ۔نواب آف کالا باغ، روکھڑی خاندان، شیرافگن نیازی  اور عمران خاں کےضلع میانوالی سے صرف ایک خاتون وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز تھیں ، اب امانت اللہ شادی خیل  کو بھی صوبائی وزیر  بنایا گیا ہے۔ خوشاب سے  ملک آصف علی بھاہ صوبائی وزیر بن کر ضلع کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس ضلع سے وفاقی کابینہ میں کوئی رکن نہیں ہے۔ 1985سے2008 تک ضلع بھکر کے نوانی خاندان  کے افراد وفاق اور صوبے میں  نمائندگی کرتے رہے ہیں مگر اب اس ضلع کو وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ ضلع فیصل آباد سے وزیرمملکت عابد شیر علی خان وفاق، رانا ثنااللہ خان اور طاہر خلیل سندھو پنجاب کابینہ میں نمائندگی کر رہے ہیں۔ ضلع جھنگ، ضلع چنیوٹ ،ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے  کوئی رکن وفاقی اور صوبائی کابینہ میں شامل نہیں ہے  ۔ ضلع ساہیوال سے صوبائی وزیر ندیم کامران اور صوبائی مشیر ارشد جٹ ضلع کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ضلع سے کسی رکن کو وفاقی وزیر نہیں بنایا گیا۔  ضلع پاکپتن کے دو صوبائی وزرا میاں عطا محمد مانیکا اور ڈاکٹر فرخ جاوید کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی ملی جبکہ وفاقی کابینہ میں کوئی رکن اسمبلی وزیر نہیں ہے۔ ضلع اوکاڑہ سے میاں یاور ربانی صوبائی وزیر تھے اب سید علی رضا گیلانی کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے گزشتہ روز حلف نہیں اٹھایا۔ضلع اوکاڑہ بھی وفاقی کابینہ میں نمائندگی سے محروم ہے۔ ضلع ملتان سے صرف ایک وفاقی وزیر سکندر خان بوسن کے وفاق میں نمائندگی کے بعد صوبائی وزیر نعیم مشتاق صوبائی کابینہ میں ہیں۔ ضلع خانیوال   اور ضلع لودھراں سےکوئی رکن اسمبلی وفاقی یا صوبائی وزیر نہیں بن سکا۔ ضلع وہاڑی سےآصف سعید منیس اور نعیم اختر بھابھا پنجاب کابینہ میں نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔ ضلع ڈیرہ غازیخان سے ماضی میں فاروق خان لغاری صدر میر بلخ شیر مزاری نگران وزیراعظم اور سردار ذوالفقار کھوسہ جیسی شخصیات گورنر پنجاب  رہیں، اب اس ضلع سے کوئی رکن وفاقی یا صوبائی کابینہ میں شامل نہیں ہے ۔نواب مشتاق گورمانی اور ملک غلام مصطفیٰ کھر، نوابزادہ نصراللہ  کےضلع مظفرگڑھ سے  اب  ہارون سلطان بخاری اور ملک احمد یار ہنجرا کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی حاصل ہے اور وفاق میں اس ضلع سے کوئی وزیر نہیں ہے۔ ضلع راجن پور سے صرف سردار شیر علی گورجانی ڈپٹی سپیکر بن کر پورے علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ ضلع لیہ سے ملک اعجاز اجلانہ کو صوبائی کابینہ میں شامل کرکے نمائندگی دی گئی ہے اس ضلع کی عرصے سے وفاق میں کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ ضلع بہاولپور سے ریاض حسین پیرزادہ اور بلیغ الرحمٰن وفاق اور ملک اقبال  چننڑ صوبائی کابینہ میں علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ضلع رحیم یارخان سے صرف ایک صوبائی وزیر چودھری محمد شفیق صوبائی کابینہ میں شامل ہیں ، ضلع کی وفاق میں کوئی نمائندگی نہیں ہے ۔ ضلع بہاولنگر سے میاں عبدالستار لالیکا چودھری عبدالغفور محمد افضل سندھو میاں افضل وٹو سید اصغر علی شاہ وفاقی و صوبائی وزیر بن کر علاقے کی عرصے سے نمائندگی کرتے رہے اب تک یہ ضلع وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نمائندگی سے محروم ہے۔ صوبائی کابینہ میں کشمیری، آرائیں، سید، راجپوت اور اعوان وزرا کی تعداد زیادہ ہے۔ 
تازہ ترین