کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ورلڈ کپ میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو باہر کئے جانے کے باوجود قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت میں اس ماہ ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی جگہ ملائشیا کی ٹیم کی شمولیت کے باوجود قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا کیمپ نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم میں بدھ کوبھی جاری رہا، کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر مشتمل دو ٹیمیں بناکر کھلاڑیوں نے کرکٹ اور ہاکی کے میچز کھیلے۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نےکہا ہے کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ختم نہیں کیا گیا ہے تاہم پی ایچ ایف حکام سے مشورہ کے بعد ہی کیمپ کو ختم کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے پیر تک صورت حال سامنے آ ئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جونیئر ورلڈ کپ میں عدم شرکت کی وجہ سے کھلاڑی انتہائی مایوسی کا شکار ہیں اور ان کو مایوسی سے نکالنے کےلئے بدھ کو انہیں ٹریننگ کے پہلے سیشن کے دوران ٹینس بال سے کرکٹ میچ کھلایا گیا اور دوسرے سیشن میں ہاکی میچ منعقد ہوا۔ طاہر زمان نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ایک سال سے تیاری کررہے تھے اور کئی نئے کھلاڑیوں کا جونیئر ورلڈ کپ کھیلنا ایک خواب تھا ۔