کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سینسر شپ پالیسی کے اختیارات صوبوں کو منقل ہو گئے ہیں، سینسر شپ پالیسی میں فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے انڈسڑی سفارشات دے جن کو دیکھتے ہو اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، وزیراعظم نواز شریف خود بھی آرٹ اینڈ کلچر میں دلچسپی رکھتے ہیں، وفاقی حکومت فلم اینڈ پروڈکشن انڈسٹری کو بحال کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے انڈسٹری کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں انٹرٹینمنٹ اینڈ پروڈکشن فوکس پی کے 16 کے نام سے منعقدہ 2 روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد میں نیشنل آرٹسٹ کنونشن دسمبر یا جنوری میں منعقد کیا جائیگا جس میں وزیراعظم نواز شریف نیشنل آرٹس فنڈ کا اعلان کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ سے نہ صرف آرٹسٹوں کی مالی معاونت کی جائیگی بلکہ نئے آنے والے ٹیلنٹ کیلئے بھی استعمال کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فلمیں نہیں بنا سکتی لیکن فلمیں بنانے والوں کی معاونت کر سکتی ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وہ کانفرنس کی صرف افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے نہیں آئی ہیں بلکہ وہ دو دن کانفرنس میں شریک رہیں گی۔