اسلام آباد ( بلال ڈار ) بی این پی (مینگل) کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر ثناء اللہ بلوچ نے دعویٰ کیا ہے کہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں بجلی کے جن منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا وہ ختم کر دیئے گئے ہیں۔ اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار ’’ جنگ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں گڈانی اور گوادر میں میں بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اگست 2013 میں گڈانی انرجی پارک کا افتتاح کیا گیا اس کیلئے بلوچستان حکومت نے زمین بھی دی اور کروڑوں کے فنڈز بھی خرچ کئے گئے لیکن اب یہ دونوں منصوبے ختم کر کے پنجاب اور سندھ میں منتقل کر دیئے گئے ہیں، ان منصوبوں کو دوسرے صوبوں میں منتقل کرنے سے بلوچستان کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا کیونکہ دوسرے صوبوں سے بلوچستان میں زیادہ بجلی کی ترسیل ممکن ہی نہیں ہے۔