کراچی(جنگ نیوز)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں اب کوئی چیز نہیں رہی ایک دو دن میں نمٹ جانا چاہئے، پی ٹی آئی کو مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ پر ابہام ہے تو عدالت میں چیلنج کرے، پاناما کیس کا فیصلہ ہماری پیش کی ہوئی دستاویز پر آئے گا، پاناما معاملہ کا مسلم لیگ ن کے ووٹ بینک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود بھی شریک تھے۔شفقت محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اہم سوال اٹھایا ہے کہ نواز شریف کی تقریروں میں سچ کہا گیا یا نہیں کہا گیا، اگر نواز شریف کی بات سچ مان لی جائے تو پھر قطری شہزادے نے جھوٹ بولا ہے سپریم کورٹ کے تمام ججوں پر اعتماد ہے، پاناما کیس کا فیصلہ جلدی ہونا چاہئے، پاناما کیس سے متعلق بنیادی چیزیں پی ٹی آئی کے وکلاء نے ثابت کردی ہیں، وزیراعظم کے بیانات میں اتنے بڑے تضادات ہیں جنہیں جھوٹ کہا جاسکتا ہے، شریف خاندان کے بزنس دیوالیہ ہوتے جارہے ہیں اور ان کے اربوں کے اثاثے بنتے جارہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس کے فوری بعد سپریم کورٹ کو تحقیقات کیلئے خط لکھ دیا تھا، پی ٹی آئی نے عدالت میں اپنے جمع کرائے گئے ثبوتوں میں سے ایک لفظ بھی دلیل کے طور پر پیش نہیں کیا ہے، حکومت نے پاناما کیس میں جو ثبوت پیش کیے اس پر یہ کیس لڑا جارہا ہے، پاناما کیس میں اب کوئی چیز نہیں رہی ایک دو دن میں نمٹ جانا چاہئے، ن لیگ نے کیس سے متعلق ہر بات کا جواب دیدیا ہے، اب پی ٹی آئی کو اپنے الزامات کو ثابت کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں تقریر میں کہا تھا مزید شواہد کسی مستند فورم پر پیش کروں گا، سپریم کورٹ میں جمع کرائے بیان کے حق میں تمام ثبوت پیش کریں گے، سپریم کورٹ کے تین سوالات کا جواب سلمان بٹ کل دیں گے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ پر ابہام ہے تو عدالت میں چیلنج کرے، مریم نواز ایک خودمختار خاتون ہیں، وہ اپنے فیملی بزنس کی شیئر ہولڈر ہیں، ایسا نہیں کہ مریم نواز کی کوئی آمدنی نہیں ہے، مریم نواز اپنی آمدنی کے مطابق ٹیکس دیتی ہیں جو ان کے ٹیکس ریٹرنز میں شامل ہے، وزیراعظم نے یہ نہیں لکھا کہ مریم نواز میرے زیرکفالت ہے، نواز شریف نے ایک زمین کا ذکر کیا جو انہوں نے مریم نواز کے نام پر لی تھی جس کے پیسے مریم نواز نے دیدیئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاناما لیکس آنا پی ٹی آئی کی خوش قسمتی ہے ورنہ ان میں اس طرح کی چیز کو سامنے لانے کی صلاحیت نہیں ہے، عمران خان کی پوری سیاست صرف اقتدار کی ہوس ہے، پاناما کیس کا فیصلہ ہماری پیش کی ہوئی دستاویز پر آئے گا، نواز شریف وزیراعظم تھے ، وزیراعظم ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔