راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان کا اچانک دورہ کیا۔ اُنہوں نے داخل مریض کو بلامعاوضہ ادویات فراہم کرنیکی بجائے باہر میڈیکل سٹور سے منگوانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتطامیہ کو مریضوں کو ادویات کے پیسے لوٹانے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر ہسپتال کو لاکھوں روپے کا بجٹ فراہم کرتی ہے تو پھر مریضوں کو ایسی ادویات کیوں تجویز کی جاتی ہیں جو اُنکے اپنے سٹاک میں موجود نہیں ہوتیں۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد علی، ایم ایس ٹی ایچ کیو گوجر خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے ایمرجنسی بلاک، جنرل وارڈز، گائنی وارڈ اور ادویات کے گودام چیک کئے۔ اُنہوں نے حکومتی بجٹ سے خریدی گئی ادویات پر حکومتی ملکیت کی مہر نہ ہونے کا نوٹس لیا اور کہا کہ اس عمل سے ادویات کی چوری اور اوپن مارکیٹ میں فروخت کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 2017ء تک تمام ٹی ایچ کیوز میں جدید سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے جدید طریقہ کار وضع کیا گیاہے۔