وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹواپنے چار مطالبات وزیراعظم کے بجائےسندھ حکومت کے سامنے پیش کریں ۔
اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا ٹاک کرتے ہوئےوزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ بلاول اپنے مطالبات سندھ حکومت کو پیش کریں تو سندھ حکومت بہتری کی طرف جا سکتی ہے۔اگر سندھ حکومت ان کی بات نہ سنے تو وزیر اعظم کو شکایت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول سے سیاست میں بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے، بلاول کا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے مگر وہ ابھی کم عمر ہیں۔اب سٹرکوں پر سیاست کا وقت گزر چکا ہے۔
پاناما کیس کے حوالے سے ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ عمران خان کا موقف ہر لمحہ بدلتا ہے جو انتشار پر مبنی ہے۔ ان کا موقف اداروں کو کمزور کرنا اور ہمارا مضبوط کرنا ہے،پانامہ سے نہ پہلے ڈر تھا نہ ہے اور نہ ہی ہو گا ۔
انہوں نے مزید کہااسلام آباد کو کمیشن بنانے کے لیےلاک ڈاؤن کیا جا رہا تھا مگر سپریم کورٹ میں جا کر انکار کر دیا۔اب فیصلہ عوام کرے گی۔اب تاریخ 2018 کی تاریخ ہے اس سے پہلے کوئی اور تاریخ نہیں ۔