اسلام آباد (اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو نواز شریف کی ضرورت ہے جبکہ عمران خان اپنا موقف روز بدلتے ہیں اور عمران خان نے ایک بار پھر یوٹرن لے لیا ہے ، یہی وجہ ہے انکی سیاست جھوٹ اور انتشار پرمبنی ہے ۔ عمران خان کا موقف آئینی اداروں کو کمزور کرنا اور ہمارا مضبوط کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اپنے مطالبات پہلے سندھ حکومت کو پیش کریں تو سندھ حکومت بہتری کی طرف جاسکتی ہے اگر سندھ حکومت ان کی بات نہ سنے تو وزیر اعظم کو شکایت کریں ان کی شکایت کا ازالہ ہوگا۔دوسری جانب قومی اسمبلی میں حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہپاکستان کا سب سے بڑا ادارہ پارلیمنٹ جہاں سے سپریم کورٹ ، ایڈمنسٹریشن اسٹیبلشمنٹ بھی نکلتی ہے ، عدالت میں عمران خان امتحان میں ہے یا نہیں یا نواز شریف پریشان ہیں یا نہیں لیکن اس وقت پانامہ لیکس کے معاملے پر عدلیہ مشکل مرحلے سے گزر رہی ہے ، پانامہ بل پارلیمنٹ میں لے گئے لیکن پارلیمنٹ بل ماننے کو تیار نہیں ۔ ہفتہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹ (پی این سی اے) میں دوسرے ”پاکستان انٹر نیشنل ماؤنٹین فلم فیسٹیول“ (آئی ایم ایف ایف )کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کو متاثر کیا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو مثبت تفریح کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے لوگوں کو مواقع فراہم کرنا ہونگے ۔