ملتان ،کرم پور (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پاناما کیس پر عدالتی کمیشن اس لئے قبول نہیں کیوں کے ملکی تاریخ میں آج تک جتنے عدالتی کمیشن بنے ہیں ان کے حقائق عوام کے سامنے نہیں لائے گئے یا پھر کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حلقہ این اے 148اور 150کے چیئرمین ، وائس چیئرمین ، کونسلروں اور بلدیاتی ٹکٹ ہولڈروں کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔شاہ محمودنے کہا تحریک انصاف اقتدار نہیں بلکہ نظریات اور وقار کی سیاست کررہی ہے، ہم نے قومی دولت لوٹنے والوں کو بے نقاب کرنا ہے، انہوں نے کہا کرپشن ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، انہوں کہا کہ نیب ایف آئی ، ایف بی آر سمیت تمام ملکی ادارے سمیت کرپشن روکنے میں ناکام ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے کرپشن کیخلاف آواز بلند کی، عوام کی نظریں سپریم کورٹ کی طرف ہیں ، انہوں نے کہا تحریک انصاف ایک نئی تاریخ مرتب کرنے جارہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ اگلا اقتدار پی ٹی آئی کا ہوگا اور ہم اپنے منشور کے مطابق ایسا نظام بنائینگے کے مقامی حکومتوں کو مکمل اختیار دینگے،استقبالیے میں رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، مخدوم مونی شاہ ، زین حسین قریشی، ڈاکٹر اختر ملک ، سلمان قریشی، میاں جمیل احمد، رانا عبدالجبار ، اعجاز جنجوعہ ، جاوید اختر انصاری ایم پی اے، الحاج مختار انصاری، ملک رضوان عابد تھہیم سمیت چیئرمین وائس چیئرمین اور نو منتخب بلدیاتی امیدواروں کی بڑی تعداد شریک تھی، کرم پور میں سابق چیئرمین ضلع کونسل ممتاز خان کھچی کی تیمارداری کے موقع پر صحافیوں سے ملاقات میں شاہ محمو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے معاملے پر کرپشن چھپانے پر ملک بھر میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جلسے دوبارہ سماعت شروع ہونے تک جاری رہیں گے، اس موقع پر آفتاب خان کھچی، میاں غلام عباس پیر زادہ، راؤ خالد حسین، راؤ مختار احمد اور سید جاوید حسین شاہ بھی موجود تھے،لاہور میں تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال،جنرل سیکرٹری میاں حماد اظہر، سیکرٹری نشرواشاعت شیخ امتیازمحمود،فنانس سیکرٹری نعیم الحق سے پارٹی امور پر گفتگو کرتے ہوئےبق شاہ محمود قر یشی نے کہا ہے کہ حکومت کی ساری توجہ مال بنائو اور مال بچائو کی پالیسی پر ہے، اسی لئے عوامی مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے ہیں، عوام بھوکے مررہے ہیں لیکن حکمران اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ہم نے عدالت میں جو ثبوت دیئے انکے خلاف بھی حکومت کے پاس کچھ نہیں اور تحر یک انصاف کا نظر یہ اور موقف پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے ۔ سپریم کورٹ میں حقائق قوم کے سامنے آگئے۔